قومی خزانہ لوٹنے اور عوام کی امیدیں توڑنے والوں کا 25جولائی کو دیس نکالا ہوگا ،عبدالعلیم خان

اتوار 24 جون 2018 20:20

لاہور۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ قومی خزانہ لوٹنے اور عوام کی امیدیں توڑنے والوں کا 25جولائی کو دیس نکالا ہوگا ،عوامی رد عمل شروع ہو چکا ہے، لیگی اراکین کا ہر حلقے میں ایساہی "استقبال"ہوگا ،عبدالعلیم خان نے این ای129اور پی پی158میں پی ٹی آئی کی انتخابی مہم کاآغاز کرتے ہوئے مختلف جلسوں سے خطاب کیا ،انہوں نے کہا کہ دونوں بھائی 5برس جھوٹے اشتہارا ت پر سرکاری پیسہ برباد کرتے رہے اور لوٹ مار اور کرپشن کے علاوہ کچھ نہیں کیا ،آج معیشت کا حلیہ دیکھ کر شرم سے سر جھک جاتا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ اگست کے پہلے ہفتے میں وزیر اعظم عمران خان ہوں گے اور وہ ملک و قوم کی باگ دوڑ سنبھال کر عوام کو سستے اور فوری انصاف سے لے کر تعلیم او ر صحت کی بنیادی سہولتوں تک ان کا ہر حق فراہم کریں گے ،عبدالعلیم خان نے لاہور میں لیگی امیدواروں کے ردو بدل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میچ شروع ہونے سے پہلے ہی شکست تسلیم کرنے والے نورے کسی طور بھی کامیاب نہیں ہو سکتے ،امیدواروں کی تبدیلی نواز لیگ کی گھبراہٹ عیاں کرنے کیلئے کافی ہے انشاء اللہ عوام ان کا کسی طور ساتھ نہیں دیں گے اور کامیابی عمران خان اور اٴْن کے ساتھیوں کے قدم چومے گی ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور شہر میں ہر حلقہ عمران خان کا گڑھ ہے پی ٹی آئی کے کارکن نواز لیگ کی دھاندلی کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ دھرنوں ،لانگ مارچ اور لاک ڈاؤن کی طرح انتخابی جنگ میں بھی بھرپور طریقے سے شریک ہوں اور ایک ایک لمحہ عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچانے میں صرف کریں،اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے عبدالعلیم خان کا زبردست استقبال کیا اور پر جوش انداز میں نعرے بازی کرتے رہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں