متحدہ مجلس عمل کامیاب ہوکر سودی نظام معیشت کاخاتمہ کرے گی، میاں مقصود احمد

اتوار 15 جولائی 2018 19:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے اسٹیٹ بنک کی تازہ رپورٹ جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ’’پاکستان قرضوں پر چل رہاہے،معاشی ترقی کی رفتارتوقعات سے کم ہے،آنے والے دنوں میں مہنگائی میں اضافہ ہوگا‘‘پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ یہ رپورٹ ماضی کے حکمرانوں اورنگران حکومت کی بدترین معاشی پالیسی کامظہر ہے۔

ملک میں پہلے ہی مسلسل پٹرولیم مصنوعات ،بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آچکاہے۔دن بدن بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام کی زندگی عملاً اجیرن ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود سی این جی اور دیگر اشیاکی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو واپس نہیں لیاگیا۔

(جاری ہے)

یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے پوراملک ہی مافیاکے رحم وکرم پر چھوڑدیا گیاہے۔

جس کا دل کرتاہے لوٹ مار کرتاہے اور بیرون ملک چلاجاتاہے۔ حکمرانوں کو عوام کی مشکلات اور ان کے حل سے کسی قسم کی کوئی غرض نہیں۔انہوں نے کہاکہ جو حکمران ماضی میں عوام کے ساتھ مسلسل جھوٹ بولتے رہے اور معیشت کی بہتری اور بڑھوتری کے دعوے کرتے نہیں تھکتے تھے آج وہ کیوں نظر نہیں آتی ۔پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مسلسل دبائومیں ہیں۔روپے کی بے قدری کے باعث قرضوں میں مزید اضافہ ہوگیاہے۔

نجی شعبوں کے قرضوں کو دیکھاجائے تو وہ بھی 708ارب روپے تک بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب تک ملک کو سودی نظام سے نجات نہیں دلائی جائے گی اور معاشی پالیسیاں اسلام کے سنہرے اصولوں کے عین مطابق نہیں تشکیل دی جائیں گی بہتری کے کوئی آثار نظرنہیں آتے۔انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل ملک میں اسلام کے ضابطہ حیات کو لاگوکرنا چاہتی ہے۔ہم برسراقتدار آکرملک سے سودی نظام کاخاتمہ کریں گے اور اسلامی طرزمعیشت کواختیارکرکے پاکستان کے عوام کامعیارزندگی بلند کریں گے۔

تجارت کے کلچرکوفروغ دیں گے اور کرپٹ افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے محب وطن اور جرات مندقیادت کی ضرورت ہے۔دینی جماعتوں کے اتحاد میں شامل صاف ستھری محب وطن قیادت کاکوئی نعم البدل نہیں۔عوام ہمارے نمائندوں کو کامیاب کرائیں،ہم ملک وقوم کی تقدیر بدل دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں