بینظیر بھٹو کی آمد کے بعدنواز شریف کی وطن واپسی پر سب سے بڑا اورتاریخی استقبال ہوا ‘ مشاہد حسین سید

اب تک جتنے بھی سروے آئے ہیں مسلم (ن) مقبولیت کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے ،انتخابات میں گند ڈالنے ،جھرلو پھیرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں اینٹی رگنگ سیل کو فعال کر دیا گیا ہے جس کے تحت کسی بھی طرح کی شکایات کو منظر عام پر لایا جائے گا ‘ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس

پیر 16 جولائی 2018 18:12

بینظیر بھٹو کی آمد کے بعدنواز شریف کی وطن واپسی پر سب سے بڑا اورتاریخی استقبال ہوا ‘ مشاہد حسین سید
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی آمد کے بعدنواز شریف کی وطن واپسی پر سب سے بڑا اورتاریخی استقبال ہوا ،اب تک جتنے بھی سروے آئے ہیں اس میں مسلم لیگ (ن) مقبولیت کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے لیکن انتخابات میں گند ڈالنے ،جھرلو پھیرنے اور دھونس دھاندلی کی کوششیں ہو رہی ہیں ،اینٹی رگنگ سیل کو فعال کر دیا گیا ہے جس کے تحت کسی بھی طرح کی شکایات کو منظر عام پر لایا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے نصیر بھٹہ ایڈووکیٹ اور دیگر کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ رات کے وقت پی ایچ اے کے ٹرک آتے ہیں اور مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے آویزاںبینرز او ر فلیکسز میں سے صرف مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے بینرز اور فلیکسز اتار کر لے جاتے ہیںاور یہ باقاعدہ طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ہمارے امیدوار کسی بھی طرح کی دھاندلی اور شکایات کی ریکارڈنگ کریں گے اور ہمیں بھجوائیں گے ، ہم نے دھاندلی کی شکایات کو منظر عام پرلانے کیلئے اینٹی رگنگ سیل بنایا ہے۔ ہمارے امیدوار وکلاء سے لنک ہوں گے جو لیگل ایکشن لیں گے ،اس کے علاوہ سوشل میڈیا ٹیم اور یہ ریکارڈنگزہیڈ کوارٹر بھی آئیں گے ۔ انتخابات میں اندرون ملک کے علاوہ بیرون ممالک سے بھی آبرزورز آرہے ہیں انہیں بھی اس سے آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 19جولائی کو ایک کانفرنس کا اہتمام کر رہی ہے جس کا افتتاح محمد شہباز کرینگے اس میں نواز شریف او ر مریم نواز کا پیغام پڑھ کر سنایا جائے گا جبکہ اس کے علاوہ اپنے چیف پولنگ ایجنٹس کو تربیت دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اگر انتخابات میں گند کی کوشش کی گئی تو ایسا کرنے والے لوگ بے نقاب ہوں گے ۔انتخابات کو متنازعہ نہ کیا جائے اور عوام جسے چاہتے ہیں اسے ووٹ دینے دیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ا س سلسلہ میں میڈیا سے بھی رابطے رہیں گے اور انہیں بھی آگاہ کریں گے جس کے لئے دو وٹس اپ نمبر بھی جاری کر دئیے گئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حالات میں دہشتگردی کے واقعات خطرناک رجحان ہے جس کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جانا چاہیے ۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ راجہ ظفر الحق، زید حامد او رنصیر بھٹہ نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کر کے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے جنہیں دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اور اس کیلئے احکاما ت بھی جاری کر دئیے گئے ہیں لیکن دیکھنا یہ ہے کہ اس پر عملدرآمد بھی ہوتا ہے یا نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے خود کہا ہے کہ مستونگ واقعہ میںبھارت ملوث ہے ۔ ہمارے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں او رانہوں نے دیوار پر لکھی ہوئی اپنی شکست کو پڑھ لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے الزامات کی بجائے حقائق پر مبنی انتخابی مہم چلائی ہے ، طاقت کا سرچشمہ ملک کے 22کروڑ عوام ہیں، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ آزانہ طریقے سے انتخابات کرائیں ۔

انہوںنے کہا کہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی گرفتاریوںکی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اورمریم نواز کاجیل میں ٹرائل کرنا قابل مذمت ،وہ کوئی دہشتگرد نہیں ہیں ،ان کا اوپن ٹرائل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب سلیکشن کے زمانے ختم ہوچکے ہیں اب چیزیں کنٹرول نہیں کی جاسکتی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں