امیدوارپولنگ سے48 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنے کےپابند

الیکشن کمیشن نےتمام امیدواروں کو ہدایات جاری کردیں، ضابطہ اخلاق کی پابندی کی خلاف ورزی پر2 سال قید اورایک لاکھ جرمانہ ہوگا۔الیکشن کمیشن حکام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 16 جولائی 2018 20:31

امیدوارپولنگ سے48 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنے کےپابند
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 جولائی 2018ء) : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امیدواروں کوانتخابی مہم سے متعلق سخت ہدایات جاری کردی ہیں، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی امیدواروں کوپولنگ سے 48 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنا ہوگی، پابندی کی خلاف ورزی پر2 سال قید اور ایک لاکھ جرمانہ ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام انتخابی امیدواروں کو خبردار کیا ہے کہ انتخابات کے دوران انتخابی ضابطے پرسختی سے عمل کیا جائے۔

کوئی بھی امیدوار انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ کرے۔ الیکشن کمیشن حکام نے واضح کیا کہ تمام انتخابی امیدواروں کوپولنگ سے 48 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنا ہوگی۔ اگر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی تو2 سال قید اور ایک لاکھ جرمانہ ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے دوران فرائض سے غفلت برتنے یا جعلی سازی کرنے کی صورت میں انتخابی عملے کے جرائم اور سزا کا تعین کرلیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عملے کی جانب سے کاغذات میں کوئی رد و بدل جرم ہوگا اور جان بوجھ کر بیلٹ پیپر پر سرکاری مہر کو خراب کرنے سمیت بیلٹ باکس کی سیل توڑنا بھی جرم تصور کیا جائے گا۔ان جرائم میں ملوث انتخابی عملے کو 6 ماہ قید اور ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکیں گی۔اسی طرح ووٹر کو مجبور کرنا، ووٹ اور انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونا بھی غیرقانونی ہوگا جس کی سزا 2 سال قید، ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر کی رازداری افشا کرنا، بیلٹ پیپر پر لگائی مہر کے بارے میں کسی کو اطلاع دینا، ووٹوں کی گنتی کے دوران کسی امیدوار کو اس کے حاصل کردہ ووٹوں کی اطلاع دینے پر 6 ماہ قید یا ایک لاکھ جرمانہ ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں