دو دن پہلے طے ہو چکا تھا کہ ائیرپورٹ نہیں جانا،خواجہ آصف نے بھانڈا پھوڑ دیا

ریلی کی اخری حد جوڑے پل ہی تھی،یہ اعلیٰ قیادت نے طے کر لیا تھا، خواجہ آصف

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 17 جولائی 2018 00:33

دو دن پہلے طے ہو چکا تھا کہ ائیرپورٹ نہیں جانا،خواجہ آصف نے بھانڈا پھوڑ دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی2018ء) دو دن پہلے طے ہو چکا تھا کہ ائیرپورٹ نہیں جانا،خواجہ آصف نے بھانڈا پھوڑ دیا۔سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ریلی کی اخری حد جوڑے پل ہی تھی،یہ اعلیٰ قیادت نے طے کر لیا تھا۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔9 بجے نواز شریف اور مریم نواز کا طیارہ لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔

جس کے بعد نیب کی ٹیم طیارے کے پاس پہنچی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف اور انکی صاحبزادی کو گرفتار کرنے کے لیے کاروائی کا آغاز کردیا گیا۔بعد ازاں انہیں لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے خصوصی طیارے پر اسلام آباد منتقل کردیا گیا جہاں احتساب عدالت سے انکی قید کے وارنٹ جاری ہو چکے تھے۔انہیں اسلام آباد ائیرپورٹ سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

جہاں انکی سزا شروع ہو چکی ہے۔اس سارے معاملات میں شہباز شریف کا کردار بڑا معنی خیز رہا ہے۔نوازشریف گرفتار ہو کر اسلام آباد روانہ،شہباز شریف ابھی بھی جوڑے پل پر موجود رہے۔پرواز کے ڈیڑھ گھنٹے لیٹ ہونے کے باوجود شہباز شریف کے ائیرپورٹ نہ پہنچ پانے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔کچھ ناقدین کہہ رہے ہیں کہ سابق وزیر اعلیٰ نے جان بوجھ کر ائیرپورٹ جانے میں تاخیر کی۔

انہیں علم تھا کہ اگر وہ اس رفتار سے آگے بڑھے تو وہ وقت پر ائیرپورٹ نہیں پہنچ پائیں گے ۔اس کے باوجود شہباز شریف نے تاخیری حربوں سے کام لیا۔اس ناقص حکمت عملی کے بعد شہباز شریف کی صلاحیتوں پر بھی سوال اٹھنے لگے۔تاہم اب اس راز سے پردہ اٹھ چکا ہے۔سابق وزیر خارجہ اور لیگی رہنما خواجہ آصف نے بھانڈا پھوڑ دیا۔انکا کہنا تھا کہ کارکنان کو ائیر پورٹ کی کال دی گئی تھی مگر دو دن پہلے ہی یہ طے ہو گیا تھا کہ ہم نے ائیرپورٹ نہیں جانا بلکہ ریلی کو جوڑے پل سے بھی آگے نہیں لے کر جانا۔یہی سبب تھا کہ شہباز شریف سارا دن کارکنان کو لے کر لاہور کی سڑکوں پر پھرتے رہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں