عام انتخابات میں شکست کا اندیشہ، شہباز شریف لاہور میں انتخابی محاذ خود سنبھالیں گے

شہباز شریف نے لاہور سے قومی و صوبائی اسمبلی کے اُمیدواروں کو سپورٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 17 جولائی 2018 11:39

عام انتخابات میں شکست کا اندیشہ، شہباز شریف لاہور میں انتخابی محاذ خود سنبھالیں گے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جولائی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے عام انتخابات 2018ء میں شکست کے اندیشے کے پیش نظر لاہور کا محاذ خود سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق تمام تر کوششوں کے باوجود سابق حکمران جماعت اپنے پرائمری یونٹس کو فعال بنانے میں ناکام ہو گئی ہے جس کی وجہ سے عام انتخابات میں شکست کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔

عام انتخابات میں لاہور کی پانچ سے چھ نشستیں چھن جانے کی بازگشت، پارٹی میں اختلاف رائے اور اندورنی سطح پر پارٹی میں تقسیم در تقسیم کا عمل سامنے آنے کے بعد پارٹی صدر شہباز شریف نے لاہور سے قومی و صوبائی اُمیدواروں کی انتخابی مہم کو سپورٹ فراہم کرنے اورخود لاہور کا محاذ سنبھالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کے دورہ سوات اور دورہ پشاورکی منسوخی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اور بطور پارٹی صدر شہباز شریف نے گذشتہ روز ایک ہی دن لاہور کے متعدد مقامات کا ہنگامی دورہ کر کے انتخابی اُمیدواروں کی انتخابی مہم کو سپورٹ کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حکمران جماعت کے ایک سرکردہ رہنما نے انکشاف کیا ہے کہ بطور پارٹی صدر شہباز شریف نے انتخابی مہم کے سلسلے میں جو ہدایات جاری کی تھیں ان میں سے ایک لاہور سمیت ملک بھر میں یونین کونسلز کی سطح تک موجود مسلم لیگ ن کے پرائمری یونٹس کی بحالی، روزانہ کی بنیاد پر ان کے دفاتر کھولنے اور وہاں پر لیگی رہنماؤں کی دستیابی ضروری قرار دی گئی تھی تاکہ انتخابی مہم میں نہ صرف اُمیدواروں کو سپورٹ مل سکے بلکہ پنجاب بھر میں وہ لوگ جو پارٹی سے نالاں دکھائی دیتے ہیں ان کے تحفظات کا خاتمہ کر کے لیگی اُمیدواروں کی انتخابی مہم کو بہتر بنایا جا سکے ۔

لیکن یہ حکمت عملی بھی ناکام ہوتی نظر آئی جس کی وجہ سے پارٹی صدر شہباز شریف نے لاہور کا محاذ خود سنبھالنے اور انتخابی اُمیدواروں کی مہم کو خود سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں