اجازت ہونے کے باوجود لیگی کارکنان میں سے کوئی بھی لاہور ائیر پورٹ نہ پہنچ سکا

قیادت نے خود ہی اپنے کارکنان کو گرفتار کروایا ۔ نیا انکشاف سامنے آ گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 18 جولائی 2018 11:25

اجازت ہونے کے باوجود لیگی کارکنان میں سے کوئی بھی لاہور ائیر پورٹ نہ پہنچ سکا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جولائی 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز 13 جولائی کو وطن واپس لوٹے اور وطن واپس لوٹنے پر انہیں اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب لاہور ائیر پورٹ پر ان کئ استقبال کے لیے کارکنان تو کیا پارٹی صدر نواز شریف کے بھائی شہباز شریف تک نہ پہنچے۔ شہباز شریف کے ائیر پورٹ نہ پہنچے پر کئی چہ مگوئیاں ہوئیں جبکہ ان کی اس ناکام حکمت عملی پر کئی سوالات بھی اُٹھائے گئے۔

تاہم اب اس حوالے سے ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے۔ اس انکشاف کے تحت نواز شریف کی لاہور آمد کے موقع پر ن لیگ کی قیادت اور انتظامیہ کے مابین ایک میچ فکس ہوا جس کی قلعی خواجہ آصف کے بیان نے بھی کھول کر رکھ دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پارٹی قیادت نے کارکنوں کے عدم تعاون اورنوازشریف کے بیانیہ کو ناکام بنانے کے لیے اپنے کارکنان کو گرفتار کروایا ، یہی نہیں انہوں نے ایک پلاننگ کے تحت یہ ڈرامہ بھی رچایا کہ ائیر پورٹ جانے کے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ہمیں روکا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

پارٹی رہنما مشاہد حسین سید ، پرویز رشید، مریم اورنگ زیب ،حمزہ شہباز ، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق اور خود شہباز شریف بار بار جذباتی تقاریر کرتے رہے اور کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے یہ کہتے رہے کہ نوازشریف کے استقبال کے لیے باہر نکلیں اور ائیر پورٹ پہنچیں جبکہ ن لیگ کے تمام بڑے لیڈروں کو اس بات کا علم تھا کہ کوئی بھی ائیر پورٹ نہیں جا رہا ۔

ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کو ائیر پورٹ تک جانے کی اجازت کے حوالے سے آ مادگی کا اظہار کیا تھا لیکن سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وفاقی وزرا نے اجازت کے با وجود بھی نوازشریف کے کے لیے جانا گوارہ نہ کیا جس سے صاف ظاہر ہے کہ ائیر پورٹ جانے کے لیے ن لیگی قیادت نے خود ہی رکاوٹوں کا شور مچایا اور خود ہی اپنے کارکنان بھی گرفتار کروائے تاکہ یہ تاثر دیا جا سکے کہ ہم تو ائیر پورٹ پر نواز شریف کے استقبال کے لیے آنے کو تیار تھے مگر انتظامیہ اور پولیس کی وجہ سے مسلم لیگ ن کی قیادت اور کارکنان کی ریلیاں ائیر پورٹ نہیں پہنچ سکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں