ورثے میں ہمیں یہ غم ہے ملا

ماموں شاہ نواز بھٹو کی 33 برسی پر بلاول بھٹو کا جذباتی ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 18 جولائی 2018 16:54

ورثے میں ہمیں یہ غم ہے ملا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 جولائی 2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے اپنے ماموں شاہ نواز بھٹو کی 33 برسی پر ایک جذباتی ٹویٹ کی ہے۔اور لکھا ہے کہ یہ غم تو ہمیں ورثے میں ملا ہے۔قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے چھوٹے ماموں شاہ نواز بھٹو کی 33 برسی کے موقع پر سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے۔

بلاول بھٹو کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ 33 سال پہلے آج کے دن ہی ڈکٹیر ضیاء نے میرے میرے ماموں شاہ نواز کو قتل کیا تھا،قتل کے وقت ان کی عمر صرف 27سال تھی۔اس کے ساتھ ہی بلاول بھٹو نے حبیب جالب کا ایک شعر بھی لکھا ہے کہ "ورثے میں ہمیں یہ غم ہے ملا،اس غم کو نیا کیا لکھنا"۔
یاد رہے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اورسابق وزیر اعظم ذولفقار علی بھٹو کے چھوٹے صاحبزادے شاہ نواز بھٹو 18جولائی 1985 کو پر اسرار طور پر فرانس میں اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

اس وقت ان کی عمر 27 سال تھی۔ شاہ نواز بھٹو کی اچانک موت 4اپریل 1979ء میں ذولفقار علی بھٹو کی عدالتی حکم پر دی جانے والی پھانسی کے بعد بھٹو خاندان کے لئے بڑا سانحہ ثابت ہوئی تھی۔بھٹو کی پھانسی کے بعد بھٹو خاندان شدید غم اور دکھ کے دور سے گزر رہا تھا۔ شاہ نواز اپنی والدہ بیگم نصرت بھٹو اور ہمشیرہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے بہت قریب تھے۔ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا بیگم نصرت بھٹو اپنے خاندان کے ہمراہ تعطیلات منانے کے لئے جنوبی فرانس میں ہی تھیں۔

اس کے بعد محترمہ بے نظیر بھٹو کو بھی شہید کر دیا گیا تھا۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یہ کہتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ سیاسی جدو جہد میں بھٹو خاندان نے بہت قربانیاں دی ہیں۔اتنی قربانیاں پاکستان کی سیاست میں کسی نہیں دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں