’’شفاف الیکشن کا انعقاد آپ کا فرض ‘‘نگران وزیراعلی کی افسروں سے گفتگو

فیصل آباد میں اجلاس اڑھائی گھنٹے جاری رہاڈاکٹر حسن عسکری کابریفنگ میں انہماک اور بھرپورتوجہ

بدھ 18 جولائی 2018 18:29

’’شفاف الیکشن کا انعقاد آپ کا فرض ‘‘نگران وزیراعلی کی افسروں سے گفتگو
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیر صدارت سرکٹ ہائوس فیصل آباد میں الیکشن کے انتظامات اور امن وامان کی صورتحال سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس اڑھائی گھنٹے تک جاری رہا-اجلاس میں فیصل آباد، سرگودھا اور ساہیوال ڈویژن کے کمشنرز اور آر پی اوز نے انتخابات کے لئے کئے جانے والی تیاریوں اور امن وامان کی صورتحال کے ساتھ سکیورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی- نگران وزیراعلی نے انہماک اور توجہ سے بریفنگ سنی اور بعدازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتخابی عمل کو مکمل طو رپر شفاف ، غیرجانبدار اور منصفانہ بنانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ 25جولائی کو پولنگ ڈے پر فول پروف انتظامات مزید توجہ کے متقاضی ہیں-پولنگ سٹیشنز پر ووٹرز کے لئے سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے، خصوصا بجلی کی فراہمی کا متبادل نظام اور پینے کے پانی کی دستیابی یقینی بنائی جانی چاہیے - نگران وزیراعلی نے پولنگ ڈے پر ذمہ داریوں کے تعین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ڈیوٹی کی ذمہ داری کا واضح طو رپر تعین ہونا چاہیے اور پولنگ سٹیشن پر تعینات عملے کو علم ہونا چاہیے کہ اس کی ذمہ داریاں کیاہیں-نگران وزیراعلی نے انتظامی و پولیس افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ شفاف الیکشن کا کامیاب انعقاد نہ صرف آپ کے فرض میں شامل ہے بلکہ آپ کی یہ قومی ذمہ داری اور قومی تعمیر و ترقی کے عمل کا ایک حصہ ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں