معزز ممبران کے تعاون سے دیا میر بھاشا ڈیم کیلئے فنڈ قائم کرنے کا اعلان ،

جمع شدہ رقم ڈیمز فنڈ میں منتقل کر دی جائیگی‘ہائیکورٹ بار

جمعرات 19 جولائی 2018 17:04

معزز ممبران کے تعاون سے دیا میر بھاشا ڈیم کیلئے فنڈ قائم کرنے کا اعلان ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے اپنے معزز ممبران کے تعاون سے دیا میر بھاشا ڈیم کے لئے فنڈ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمع شدہ رقم سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے قائم ڈیمز فنڈ میں منتقل کر دی جائے گی۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہائوس کا اجلاس صدر انوارالحق پنوں کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں چوہدری نور سمند خان، نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مذکورہ اجلاس میں انتخابات کی شفافیت کو مانیٹر کرنے کیلئے وکلاء صاحبان پر مشتمل ٹیمز کی تشکیل اور دیا میر بھاشا ڈیم اور مہمندڈیم کیلئے فنڈ زکے قیام کے معاملہ پر غورو خوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن انوارالحق پنوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری حکومتوں کی عدم دلچسپی کی بنا پرچیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کو مجبوراً ازحد خود نوٹس لیتے ہوئے آنیوالی نسل کو پانی کی عدم دستیابی اور پاکستان کو صحرا ء میں تبدیل ہونے سے بچانے کے لئے دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے فنڈ قائم کیا ہے۔

انہوں نے حاضرین سے رائے لی کہ آیا ہم افرادی طور پر سپریم کورٹ کے قائم کردہ ڈیمزفنڈ میں یا اجتماعی طور پر بار کی طرف سے فنڈ قائم کیا جائے اور مجموعی رقم چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثارکے فنڈ برائے تعمیر ڈیم میں جمع کرادی جائے۔ شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کے انعقاد کیلئے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکور ٹ بار ایسوسی ایشن نے پاکستان کے سیاسی مدوجذر، عدلیہ کی بحالی اور جمہوریت کے قیام کیلئے بے مثال کردار ادا کیا ۔

قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اور سیاسی وابستگیوںسے بالا تر ہو کر ہمیں قومی معاملات میں اپنا مثبت کردار ضرور ادا کرنا چاہئے۔ انہون نے کہا کہ الیکشن کے حوالہ سے ہر سیاسی جماعت کا اپنا بیانیہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سیاسی جماعتوں کے خدشات / تحفظات کو ختم کرنے کیلئے کوشش کریں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وکلاء پر مشتمل مانیٹرنگ ٹیم کو تحفظ اور رسائی فراہم کی جائے۔

اجلاس سے نائب صدر چوہدری نور سمند خان ، ناصر جمیل گھمن ایڈووکیٹ، محمداقبال دہینگل ایڈووکیٹ، خالد ملک اعوان ایڈووکیٹ ، محمد اویس قاضی ایڈووکیٹ، نرگس ناہید طارق ایڈووکیٹ، اللہ بخش گوندل ایڈووکیٹ، رانا عبد الحمیدایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلسل سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کا مرتکب ہورہا ہے جسکی وجہ سے وطن عزیز پانی کی قلت کا شکار ہے اور زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومتوں نے ڈیمز بنانے کی طرف توجہ نہ دی اور دریائوں کا پانی سمندر برد ہو رہا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے آنے والے وقت میں پانی کی قلت کا خطرہ بھانپتے ہوئے بھاشا دیا میر اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے فنڈ قائم کیا۔ لہذا وکلاء کو بھی اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔قومی انتخابات کو مانیٹر کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے ٹیموں کی تشکیل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا الیکشن کی شفافیت کے بارے لوگوںمیں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں لہٰذالاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے مانیٹرنگ کیلئے وکلاء پر مشتمل ٹیمز کی تشکیل کا جو قدم اٹھایا ہے احسن ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ٹیم ممبران کی حفاظت اور پولنگ اسٹیشن تک رسائی کیلئے حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رابطہ کرنا ضروری ہے۔اس موقع پر رائے شماری کیلئے قرارداد ہائوس کے سامنے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔قرار داد میں اعلان کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اپنے معزز ممبران کے تعاون سے دیا میر بھاشا ڈیم کے لئے فنڈ قائم کرے گی اوراس طرح جمع شدہ رقم سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے قائم ڈیمز فنڈ میں منتقل کر دی جائے گی۔

قرار داد میں لاہور ہائیکور ٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے پرامن ،شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا مطالبہ کیا گیا ۔ اس کے ساتھ کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ازخود الیکشن کو ہر سطح پر مانیٹر کرے گی تاکہ عوام کے ووٹ کا تقدس پامال نہ ہو اور عوام جسے حق حکمرانی دینا چاہتے ہیں وہی حکومت بنائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں