آصف زرداری نے جو تباہی کی نواز شریف پیروی میں اس سے بھی آگے نکل گئے،(ن) کی تجربہ کار ی نے معیشت تباہ کر دی ‘ عمران خان

نواز شریف اور آصف زرداری کا سب کچھ باہر پڑا ہے ،جن کا جینا مرنا او رسب کچھ باہر ہو وہ ملک کا دکھ اور دردنہیں سمجھ سکتے تاجروں کی مشاورت سے پالیسیاں تشکیل دینگے، ٹیکسز کی شرح کو نیچے لائیں گے جس سے مزید لوگ ٹیکس نیٹ میں آئیں گے تحریک انصاف کے چیئرمین کا مقامی ہوٹل میں گرینڈ ٹریڈر ز الائنس کی تقریب سے خطاب

جمعرات 19 جولائی 2018 18:31

آصف زرداری نے جو تباہی کی نواز شریف پیروی میں اس سے بھی آگے نکل گئے،(ن) کی تجربہ کار ی نے معیشت تباہ کر دی ‘ عمران خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کا سب کچھ باہر پڑا ہے اور دونوں مک مکا کر کے کام کر رہے تھے ، تجربہ کاری کی دعویدار (ن) لیگ کی ٹیم نے ملک کی معیشت تباہ کر کے رکھ دی ہے ، تاجروں کی مشاورت سے پالیسیاں تشکیل دیں گے، ٹیکسز کی شرح کو نیچے لائیں گے جس سے مزید لوگ ٹیکس نیٹ میں آئیں گے اور اس سے سرمایہ کاری آنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں گرینڈ ٹریڈر ز الائنس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جنہوںنے پی ٹی آئی میں شمولیت اور عام انتخابات میں بھرپور حمایت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر نعیم الحق، عون چوہدری، جمشید اقبال چیمہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ جنکا جینا مرنا پاکستان میں نہیں ،بینک بیلنس ، محلات باہر ہوں ، علاج معالجہ اور شاپنگ باہر ہو و ہ پاکستان کا دکھ درد نہیں سمجھ سکتے۔

تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کے بیٹے باہر بیٹھ کر ارب پتی بن گئے، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیٹوں کی دبئی مین اربوں روپے کی پراپرٹی اور بینک بیلنس ہے جب ان سے پوچھا جاتا ہے تو کہتے ہیں ہم پاکستان کے شہری ہی نہیں ۔ اگر قوم کو اٹھانا ہے تو اس کے لئے اپنے سے احتساب شروع کرنا ہوگا ۔ آصف زرداری اور نواز شریف کا سب کچھ باہر ہے اور دونوں مک مکا کر کے کام کر رہے تھے ۔

پاکستان کا قرضہ 27ہزارب ارب روپے تک پہنچ گیا ہے ۔پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت کے پیسے باہر پڑے ہوئے ہیں اور ان میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری لوگوں کو روزگار کے مواقع دیتی ہے ہم آپ کی مشاورت سے پالیسی بنائیں گے او ر آپ کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ ہم نے سیلز ٹیکس کے بارے میں سوچ بچار کی ہے اسے نیچے لے کر آئیں گے جس سے ٹیکس نیٹ میں زیادہ لوگ آئیں گے جب پیسہ بچتا ہے تو اس سے سرمایہ کاری ہوتی ہے اور اس سے ملک میں روزگار آتا ہے ۔

(ن) لیگ کے دور میں صرف ڈھائی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ پرویز مشرف کے دور میں 20ارب ڈالر ہوئی تھی ۔ جب آپ موقع ہی نہیں دیں گے آسانیاں پیدا نہیںکریں گے تب تک معیشت ترقی نہیں کر ے گی ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکسز کی شرح میں کمی کی تو وہاں پر سرمایہ کاری آئی ۔انہوںنے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تاجر اس طرف تھے شکر ہے اب ہمارے ساتھ آ رہے ہیں ، ود ہولڈنگ ٹیکس پر بھی غور کیا جائے گا ۔

سابقہ حکومتوں نے مینو فیکچرنگ کابیڑہ غرق کر دیا ہے جس کی وجہ بے پناہ ٹیکسز ہیں ۔ بھارت بنگلہ دیش میں بجلی او ر گیس سستی ہے ،ہمارا کسان بھارت کے کسان کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہے کیونکہ وہاں پر کسان کو ٹیوب ویل او رزرعی لوازمات پر سبسڈی ملتی ہے جبکہ ہمار ے کسان کے خرچے پورے نہیں ہو رہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تاجر برادری کیلئے آسانیاں پیدا نہیں کریں گے اس وقت تک معیشت ترقی نہیں کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا بینکوں میں پیسہ پڑا ہوا تھا اس کی ویلیو 20فیصد کم ہو گئی ہے جن کے 128روپے تھے وہ آج 100روپے رہ گئے ہیںجبکہ جن کادس سال پہلے بینک میں سوو رپیہ تھا آج وہ 45روپے رہ گیا ہے ،قوم بیٹھے بٹھائے غریب ہو گئی ہے ۔انہوںنے کہا کہ ایک ایک کر کے سارے ادارے تباہ کئے گئے ،آصف زرداری نے جو تباہی کی نواز شریف پیروی میں اس سے بھی آگے نکل گئے ۔ (ن) لیگ کی تجربہ کار ٹیم نے معیشت کابیڑہ غرق کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صرف اشتہاروں میں ترقی نہیں ہوتی ،جو ملک وسائل ہونے کے باوجود تنزلی کی جانب جاتا ہے اس کی گورننس اور ادارے تباہ ہیں ۔ ہم گورننس کو بہتر کریں گے اور اداروں کو مضبوط کریں گے جس سے سرمایہ کاری اور خوشحالی آئے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں