قوم ہل میٹل اور فلیگ شپ ریفرنسزکے فیصلوں کی منتظر ہے‘ولید اقبال

25جولائی کو تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی طاقت بن کر ابھرے گی ‘میڈیا سے گفتگو

جمعرات 19 جولائی 2018 20:59

قوم ہل میٹل اور فلیگ شپ ریفرنسزکے فیصلوں کی منتظر ہے‘ولید اقبال
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبال نے کہا ہے کہ اقامہ کی طرح ہل میٹل اور فلیگ شپ ریفرنسزکا فیصلہ الیکشن سے قبل آتا تو شریف خاندان کے رشتہ دار بھی انہیں ووٹ نہ دیتے، ملک و قوم کا پیسہ جس کمال مہارت سے نوازشریف نے چراکر ٹھکانے لگایا اس سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ وہ چوری چکاری کا فن بخوبی جانتے ہیں، عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے کی ہرکوشش ناکام بنائیں گے، انتخابات کیلئے فول پروف انتظامات دیکھ کر مسلم لیگ (ن)راہ فرارڈھونڈ رہی ہے، کیونکہ میچ فکس کرکے کھیلنا ہی انکی سیاست ہے ۔

وہ چیئرمین عمران خان کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں حلقہ کے مختلف وارڈز میں ڈور ٹو ڈور مہم کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحریک انصاف کے دیگر رہنمااور کارکنان بھی بڑی تعداد میںموجود تھے۔ ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران عوام کی جانب سے ولید اقبال اور دیگر رہنمائوں کا استقبال کیاگیا اور بلے پر مہر لگانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

ولید اقبال نے مزید کہاکہ (ن)لیگ ووٹرز کو ہی نہیں اپنے ورکرز کو بھی بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیںکہ نوازشریف نے جیسے پاکستان آکر ملک و قوم پر احسان کیا، دراصل انہیں عدالت میں اپیل فائل کرنا تھا اس کیلئے ان کا عدالت میں موجود ہونا ضروری تھا۔ ولید اقبال نے کہاکہ ایک ہفتے کے بعد تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی طاقت بن کر ابھرے گی اور انشاء اللہ شوباز شریف والے اقدامات کے بجائے عوام کو ڈیلیور کرنے والے اقدامات کریں گے تاکہ ہر گھر میں خوش حالی ہو۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں