حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے بعدپیداہونے والے سکیورٹی تحفظات دورکیے جائیں‘میاں مقصود احمد

خوف اور بے یقینی کی کیفیت کوختم کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک ہونا ہوگا‘انتخابی جلسوں سے خطاب

جمعرات 19 جولائی 2018 21:31

حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے بعدپیداہونے والے سکیورٹی تحفظات دورکیے جائیں‘میاں مقصود احمد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد پیداہونے والے سکیورٹی تحفظات ختم ہونے چاہئیں،پُرامن ماحول میں انتخابی مہم اور25جولائی کو عام انتخابات یقینی بنائے جائیں،خوف اور بے یقینی کی کیفیت کو ختم کرنے کے لیے وفاقی و صوبائی نگران حکومتوں کوسنجیدگی سے اقدامات کرنے ہوںگے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کوبھی زیادہ فعال اور متحرک ہونا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بیرونی طاقتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں۔نگران حکومت کو شفاف، غیرجانبدار اور منصفانہ انتخابات کے لیے اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کارلانا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل نے خیبرپختونخوا،بلوچستان،کراچی اور صوبہ پنجاب میں اپنے امیدوارمیدان میں اتاردیئے ہیں۔

انشاء اللہ ایم ایم اے ماضی کی طرح خیبرپختونخوا،بلوچستان اور ملک بھر میں25جولائی کے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی،مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی کے امیدوار انتخابی قواعدوضوابط کی دھجیاں اڑارہے ہیں۔کروڑوں روپے خرچ کرکے تشہیرجاری ہے۔تشہیری مہم کے لیے الیکشن کمیشن نے این اے کی سیٹ کے لیی40لاکھ اورصوبائی اسمبلی کی سیٹ کے لیی20لاکھ حد مقرر کی ہے مگر سیاسی جماعتوں کی طرف سے صرف ٹی وی چینلز پر ہی کروڑوں روپے کی تشہیری مہم کی جارہی ہے۔

افسوس ناک امریہ ہے کہ الیکشن کمیشن کی اس طرف کوئی توجہ نہیں اور ایسے امیدواروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔الیکشن کمیشن انتخابی قواعد وضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں کا سختی سے نوٹس لے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کروائے اور انتخابات سے قبل پری پولنگ رگنگ کوبھی روکا جائے۔میاں مقصوداحمدنے مزیدکہاکہ ماضی کی حکمران جماعتوں نے ملک وقوم کے لیے مسائل کے انبار کھڑے کردیئے ہیں۔پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) کی گزشتہ حکومتوں نے محض اقتدار کو انجوائے کرنے اور لوٹ مار کی سیاست کو فروغ دینے کے سواکچھ نہیں کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں