آئی جی نے الیکشن سے قبل صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے

جمعرات 19 جولائی 2018 23:43

آئی جی نے الیکشن سے قبل صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے
لاہور۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے الیکشن2018سے قبل دہشت گردوں ، شرپسندوں اور سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔سی سی پی او لاہور سمیت آر پی اوز ، ڈی پی اوز اور سی پی اوز کوبھجوائے گئے مراسلے میں آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں سرچ ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنزمیں مزید تیزی لائی جائے اور حساس مقامات پر سرکل افسران کی زیر نگرانی روزانہ کی بنیاد پر موبائل ناکہ جات لگوائے جائیںجبکہ انتخابی گہما گہمی والے علاقوں میں ڈولفن، پیرو او ر دیگرپٹرولنگ فورسز کے گشت کے دورانئے کو بھی مزید بڑھایا جائے ۔

(جاری ہے)

مراسلے میں مزید ہدایات دیتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ،اسلحہ کی نمائش ،ہوائی فائرنگ اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی میں قطعی تاخیر نہ کی جائے جبکہ وال چاکنگ، نفرت انگیز تقاریر اور مواد کی نشر و اشاعت پر پابندی کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ حساس پولنگ اسٹیشنز کے گرد روزانہ کی بنیاد پر سرچ ،سویپ اور کومبنگ آپریشنز کئے جائیں ،کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے جبکہ بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر مانیٹرنگ اور چیکنگ کا عمل مزید سخت کیا جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملے اور ووٹر زکی سیکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں سمیت دیگر جدید آلات سے استفادہ کیا جائے اورسینئر پولیس افسران الیکشن ڈیوٹی پر متعین سٹاف کو موجودہ حالات کے تناظر میں ڈیوٹی کی اہمیت اور درپیش چیلنجز سے روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ دیں تاکہ وہ اپنے فرائض بطریق احسن اوربھرپور جوش و جذبے کے ساتھ ادا کر سکیں ۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا پنجاب پولیس کی اولین ذمہ داری ہے چنانچہ انتخابی جلسوں ، ریلیوں اور کارنر میٹنگز کیلئے وضع کردہ ایس او پیز کے مطابق سیکیورٹی پلان پر عمل در آمدکو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران و اہلکار بھرپور محنت، فرض شناسی اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریںتاکہ صوبہ بھر میں پرامن ماحول میں انتخابی عمل پایہ تکمیل کو پہنچ سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں