شریف برادران ملک کو جس نہج پر چھوڑ کر گئے ہیں اب آ کر کیا کرینگے ، یہ کچھ نہیں کر سکتے‘ عمران خان

لاہور نے پنجا ب اور پنجاب نے پورے پاکستان کا فیصلہ کرنا ہے ، پولیس کے سابق انسپکٹر عابد باکسر کا انٹر ویوسب کے سامنے ہے اللہ نے موقع دیا تو صحت او رتعلیم کا معیار بہتر کرینگے ،سرکاری تعلیمی ادارے سے پڑھا ہوا غریب کا بچہ بھی ڈاکٹر ، انجینئر اور وزیر اعظم بن سکے گا خیبر پختوانخواہ میں کرپشن پر قابو پا کر دکھایا ہے او ریہی پلان پورے پاکستان کے لئے ہے ‘ ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پر انتخابی جلسے سے خطاب

جمعہ 20 جولائی 2018 00:01

شریف برادران ملک کو جس نہج پر چھوڑ کر گئے ہیں اب آ کر کیا کرینگے ، یہ کچھ نہیں کر سکتے‘ عمران خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خا ن نے کہا ہے کہ شریف برادران ملک کو جس نہج پر چھوڑ کر گئے ہیں اب آ کر کیا کریں گے ، یہ کچھ نہیں کر سکتے ، لاہور نے پنجا ب اور پنجاب نے پورے پاکستان کا فیصلہ کرنا ہے ، ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ ہے کہ 1997-98میں جب شہباز شریف وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائز تھے تو پولیس کے ذریعے 870لوگوںکو قتل کرایا گیا ،پولیس کے سابق انسپکٹر عابد باکسر کا انٹر ویوبھی سب کے سامنے ہے ،اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو سب سے پہلے صحت او رتعلیم کا معیار بہتر کریں گے ،سرکاری تعلیمی ادارے سے پڑھا ہوا غریب کا بچہ بھی ڈاکٹر ، انجینئر اور وزیر اعظم بن سکے گا،خیبر پختوانخواہ میں کرپشن پر قابو پا کر دکھایا ہے او ریہی پلان پورے پاکستان کے لئے ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں ٹھوکر نیاز کے مقام پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسے میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جو پارٹی ترانوں پربھنگڑے ڈالتے ہوئے نعرے لگاتے رہے ۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختوانخواہ میں سب سے پہلے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کیا ، سرکاری ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی حالت بدلی جس کی وجہ سے پرائیویٹ سکولوں سے ڈیڑھ لاکھ بچہ سرکاری سکولوں میں داخل ہوا ، قرآن مجید کی ترجمے کے ساتھ تعلیم دی گئی ، خیبر پختوانخواہ میں 75فیصد لوگوں کو مفت علاج کی سہولتیں میسر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس کو ٹھیک کیا اور کرپشن پر ساڑھے 6ہزار پولیس والوں کو نکالا گیا اور سزائیں دی گئیں ۔ پولیس کو غیر سیاسی کرنے سے جرائم کی شرح میں کمی ہوئی او روہ صوبہ جو دہشتگردی کی وجہ سے تباہ حال تھا وہاں امن آنے سے خوشحالی آئی ،خیبر پختوانخواہ میں غربت کی شرح22فیصدتھی جو 13فیصد پر آ گئی ہے ۔ پہلے لوگ خیبر پختوانخواہ جانے سے ڈرتے تھے لیکن اب سیاحت 100فیصد بڑھ گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختوانخواہ میں کرپشن پر قابو پا کر دکھایا ہے او ریہی پلان پورے پاکستان کے لئے ہے ،ہیلتھ کارڈ سکیم کو پورے پاکستان میں لے کر جائیں گے ، سرکاری سکولوں کی حالت اور تعلیمی معیار کو بہتر کریں گے جس سے ایک مزدور کے بچے کو بھی بہترین تعلیم ملے گی اور وہ بھی ڈاکٹر ، انجینئر اور وزیر اعظم بن سکے گا ۔ میں پولیس کو ٹھیک کر کے دکھائوں گا اور پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے ۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب میں پولیس کو سیاسی بنا کر تباہ کیا گیا ، عابد باکسر جو سابق انسپکٹر ہے اس کا کہنا ہے کہ میں شہباز شریف کے کہنے پر لوگوں کو قتل کرتا تھا ۔ زمینوں پر قبضوں کے لئے پولیس کا استعمال کیاگیا اور اس کے لئے جھوٹے مقدمات درج کئے گئے اور بعض کو مروا بھی دیا گیا ۔ ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق 1997-98ء میں جب شہباز شریف وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائز تھے تو اس وقت پولیس کے ذریعے 870لوگوں کو قتل کیا گیا ۔

جب کسی صوبے کا سربراہ ایسا کام کرائے گا تو پولیس سے آپ کیا امید رکھتے ہیں وہ پولیس عوام کی کیا حفاظت کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ خیبر پختوانخواہ میں ایک بھی مخالف کے خلاف جھوٹی ایف آئی درج نہیں کرائی بلکہ میرے اوپر نواز شریف اور شہباز شریف نے 32ایف آئی درج کر ادی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے لوگوں آپ نے پنجاب اور پنجاب نے پاکستان کا فیصلہ کرنا ہے ، یہ جنگ میں آپ کیلئے لڑ رہا ہوں آپ نے فیصلہ کرنا ہے کہ یہ ملک ایسے ہی چلنا ہے یا ہم نے اپنی تقدیر بدلنی ہے ۔

حکمرانوںنے ملک کو قرضوں میںجکڑ دیا ہے ، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر نیچے آرہی ہے جس سے مہنگائی بڑھتی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران ملک کو جس نہج پر چھوڑ کر گئے ہیں اب مزید کیا کریں گے ، یہ کچھ نہیں کر سکتے ۔ انہوںنے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کامیاب کرانا ہے ، پی ٹی آئی کی مقبولیت کی وجہ سے سیاسی مخالفین خوفزدہ ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان غیرملکی امدادسے پیروں پرکھڑا نہیں ہوگا،،ریاست اور اداروں کو مضبوط کریں گے،اداروں کو بہتربنا کر عوام پرپیسہ خرچ کریں گے،ریونیو بڑھانے والے ادارے ایف بی آر کو مضبوط کریں گے،کرپشن روکنے والے اداروں اور نیب کو مضبوط کریں گے ۔ا نہوںنے کہا کہ ہمارے پاس 100 دن کاپلان ہے او راس پرعملدرآمد کر کے دکھائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں