اسلام رواداری کا مذہب ، علما امن کے پیامبر ہیں‘شوکت جاوید

فورتھ شیڈول سے متعلق امور کی خود نگرانی کرونگا، بے قصور علما کو جلد لسٹ سے نکال دیا جائے گا‘وزیر داخلہ پنجاب

جمعہ 20 جولائی 2018 16:55

اسلام رواداری کا مذہب ، علما امن کے پیامبر ہیں‘شوکت جاوید
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) نگران وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے کہا کہ اسلام رواداری اور امن کا مذہب ہے جبکہ علما کرام امن کے پیامبر ہیں، ہماری پہچان پاکستان ہے،اسکی سلامتی اور استحکام کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، مدارس روز اول سے ہی اہل دانش اور طلبا کی علمی ، فکری اور روحانی تربیت کے علاوہ ان کے سماجی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔

حکومت عہد حاضر کے مدارس کی دینی خدمات کی بھی معترف ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر میں اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے 8 رکنی وفد جس کی قیادت ناظم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری کر رہے تھے،سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اراکین وفد میں مولانا فضل الرحیم، مولانا عبدالمالک، صاحبزادہ عبد المصطفیٰ ہزاروی، مولانا غلام محمد سیالوی، مولانا قاضی عبدالرشید اور مولانا زبیر احمد صدیقی کے علاوہ سیکرٹری اوقاف اعجاز احمد، سیکرٹری انڈسٹریز محمد سلیم حسین ،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی محمد طاہر رائے ، ڈی آئی جی آپریشن پنجاب سجاد منج اورڈی آئی جی سکیورٹی سپیشل برانچ عبدالکریم بھی موجود تھے۔

اجلاس میں دینی مدارس کی رجسٹریشن ، قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے، فورتھ شیڈول اور علما کی سکیورٹی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔وزیر داخلہ شوکت جاوید نے کہا کہ مدارس کو بطور تعلیمی ادارہ تسلیم کرنے، مدارس کی رجسٹریشن میں حائل رکاوٹوں کو کماحقہ دور کرنے، رجسٹریشن فارم کی مجوزہ تبدیلی اور مدارس کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے سے متعلق طریقہ کار کو سہل بنایا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ فورتھ شیڈول میں شامل وہ علما کرام جن کو لسٹ سے خارج کرنا ممکن ہوا انکو جلد فورتھ شیڈول لسٹ سے نکال دیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ فورتھ شیڈول سے متعلق امور کی وہ خود نگرانی کریں گے۔ اجلاس میںشوکت جاوید نے پولیس ، سی ٹی ڈی، محکمہ داخلہ اوردیگر متعلقہ حکام کو مدارس کا متفقہ رجسٹریشن فارم ترتیب دینے کا حکم بھی دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں