حکومت کا پولنگ اسٹیشنزپرہیٹ سٹروک سینٹرزقائم کرنےکافیصلہ

نگراں حکومت کی ضابطہ اخلاق کا اطلاق مساوی کرنے کی ہدایت، سرکردہ سیاستدانوں کی سکیورٹی پلان کوحتمی شکل دےدی گئی،جائزشکایات کا فوری ازالہ کیا جائیگا،الیکشن ڈے یاانتخابی مہم میں ہوائی فائرنگ برداشت نہیں کریں گے۔نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 20 جولائی 2018 17:01

حکومت کا پولنگ اسٹیشنزپرہیٹ سٹروک سینٹرزقائم کرنےکافیصلہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جولائی 2018ء) : نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت آج کمشنر راولپنڈی ڈویژن کے دفتر میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انتخابات کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔2گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں عام انتخابات کے شفاف اورپرامن انعقاد کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن میں 5ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز پر 12841پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ راولپنڈی میں 6132، اٹک میں 2754، جہلم1841اورچکوال میں 2141 پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کلوز مانیٹرنگ کی جائے گی اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کی مانیٹرنگ کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پولنگ سٹیشنر کی6کلو میٹر کی حدود میں ایک ایمبولینس تعینات کرنے کا فیصلہ کیاگیا جبکہ الیکشن کیلئے آنے والے غیر ملکی مبصرین ،صحافیوں اورمیڈیا پرسنز کی سکیورٹی کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں خصوصاً سرکردہ سیاستدانوں کی فول پروف سکیورٹی کے پلان کوبھی حتمی شکل دے دی گئی۔

اجلاس کے دوران راولپنڈی ،اٹک ،جہلم اورچکوال میں متوقع گرمی کی شدت کے پیش نظر پولنگ سٹیشنز پر ہیٹ سٹروک سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیاگیا۔نگران وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جائزشکایات کے ازالے کیلئے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ امن و امان کی صورتحال کومزید بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے اور ضابطہ اخلاق کے نفاذ کیلئے امیدواروں کو اعتماد میں لیا جائے۔

نگران وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ راولپنڈی ڈویژن میں پولنگ سٹیشنز پر پانی ،بجلی ،ٹوائلٹ ودیگر سہولتوں کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ووٹرز کیلئے پرامن ماحول میں حق رائے دہی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے انتظامی مسائل پر بخوبی قابو پایا جا سکتا ہے۔

پولنگ ڈے حقیقی معنوں میں انتظامیہ اور پولیس کی پرفارمنس کا ٹیسٹ ہوگا۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پولنگ ڈے پر لڑائی جھگڑے اور ہنگامہ آرائی کی صورتحال کے تدارک کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں اور تمام سیاسی جماعتوں پر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کا اطلاق مساوی طور پر کیا جائے۔پولنگ سٹیشنز پر پانی، بجلی کی فراہمی اور پولنگ مٹیریل اور پولنگ سٹاف کی بروقت موجودگی یقینی بنائی جائے۔

ہسپتالوں کو ہیلتھ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ اور شفاف انتخابات سے انتظامیہ اور پولیس کی عزت بڑھے گی۔ پرامن انتخابات کا انعقادحکام کی سرکاری ڈیوٹی ہی نہیں قومی فریضہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ ڈے پر بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ پولنگ سٹیشنز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا میکانزم تشکیل دیا گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن ڈے یاانتخابی مہم کے دوران ہوائی فائرنگ اورآتش بازی کے واقعات قطعاً برداشت نہیں کئے جائیں گے اوراس ضمن میں زیروٹالرنس کے تحت بلاامتیازکارروائی جاری رہے گی۔نگران صوبائی وزیر داخلہ شوکت جاوید نے کہا کہ اہم سیاسی شخصیات کی حفاظت کیلئے سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ عوامی مقامات اور پاکستان میں کام کرنے والے غیرملکیوں کی حفاظت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔

نگران صوبائی وزیر خزانہ ضیاء حیدر رضوی نے کہا کہ الیکشن انتظامات کیلئے فنڈز کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔نگران صوبائی وزیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ الیکشن ڈے پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوکل پرسن متعین کئے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ کے دوران بتایا کہ غیرملکی مبصرین الیکشن مہم کا جائزہ لیں گے۔

پولنگ سٹیشنز پر پانی، بجلی، ٹوائلٹ اور دیگر سہولتیں یقینی بنائی جائیں گی۔پولنگ سٹاف کی محفوظ نقل و حرکت کیلئے گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔پولنگ سٹیشنز پر سپیشل افراد کیلئے ریمپ اور خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ راولپنڈی ڈویژن میں 107 افراد کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری جبکہ 7 کو جرمانہ کیا گیاہے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے بتایا کہ انتظامیہ الیکشن امور کیساتھ ساتھ روزمرہ معاملات کو بھی بخوبی سرانجام دے رہی ہے۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ پولنگ سٹاف کی محفوظ نقل و حرکت کیلئے گاڑیاں اوردیگر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور آر پی او راولپنڈی نے عام انتخابات کی تیاریوں کے انتظامات اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔ نگران صوبائی وزراء ضیاء حیدر رضوی، شوکت جاوید، سردار تنویر الیاس ، سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی ڈویژن، آر پی او راولپنڈی الیکشن کمیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں