ماڈل ٹائون کے 14 بیگناہوں کا خون نواز، شہبازشریف کا تعاقب کر رہا ہے‘چودھری پرویزالٰہی

شریف برادران ہار دیکھ کر بدحواسی میں سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دینا بند کر دیں، انشاء اللہ ان کا دور اب نہیں آئے گا‘جلسہ سے خطاب

جمعہ 20 جولائی 2018 23:58

ماڈل ٹائون کے 14 بیگناہوں کا خون نواز، شہبازشریف کا تعاقب کر رہا ہے‘چودھری پرویزالٰہی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ماڈل ٹائون لاہور کے 14 بیگناہوں کا خون نوازشریف، شہبازشریف کا تعاقب کر رہا ہے، شریف برادران ہار دیکھ کر بدحواسی میں سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دینا بند کر دیں، انشاء اللہ ان کا دور اب نہیں آئے گا۔

انہوں نے گجرات کے علاقہ کنجاڑی میں بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل ٹائون کے شہیدوں کا خون رنگ لا کر رہے گا اور یہ دونوں بھائی اور ان کے حواری سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے ہسپتال، سکول، کالج اور ادارے تباہ کئے جبکہ ہم نے 5 سال میں مثالی ہسپتال، سکول، کالج اور گجرات یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے بنائے، فری ادویات، میٹرک تک مفت تعلیم دی اور 1122 ریسکیو سروس جیسی سروس فراہم کی ہمارے ان کاموں جیسی کوئی مثال یہ پیش نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ 25جولائی تک یہی جوش و جذبہ برقرار رکھیں اور ملک و عوام دشمنوں کا ہمیشہ کیلئے سیاسی خاتمہ کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سیاست میں بزرگوں کے علاوہ اپنے کارکنوں سے بھی بہت کچھ سیکھا اور ہر شعبہ میں عوامی خدمت اور فلاح کے ایسے کام کیے جو پہلے کبھی نہیں ہوئے تھے جبکہ ملک و قوم کی ترقی اور عوامی خدمت کے جھوٹے دعویدار تو لاہور میں صاف پانی بھی فراہم نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کہتے ہیں کہ جیل میں گرمی لگتی ہے ہماری حکومت نے تو جیلوں کی حالت بھی بہتر بنائی اور عام قیدیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور بہتر خوراک فراہم کی۔ جلسہ سے مونس الٰہی نے بھی خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں