وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد مزید چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

ہفتہ 21 جولائی 2018 16:36

وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد مزید چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
لاہور۔21جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو مزید چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا،عدالت نے فواد حسن فواد کے طبی معائنے کے لئے بورڈ کی تشکیل اور تنخواہوں کی بحالی کی درخواستوں پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

لاہور کی احتساب عدالت کے جج منیر احمد نے ہفتہ کے روز کیس کی سماعت کی، تفتیشی افسر نے فواد حسن فواد کو سخت سکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش کیا، تفتیشی افسر نے فواد حسن فواد کے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، انہوں نے کہا کہ ملزم فواد حسن فواد نے بطور سیکرٹری امپلی مینٹیشن برائے وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، ملزم نے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو طاہر خورشید کو آشیانہ اقبال پراجیکٹ کا کنٹریکٹ معطل کرنے کے غیر قانونی احکامات جاری کئے اور سرکاری طور پر کنٹریکٹ حاصل کرنیوالے چوہدری لطیف اینڈ سنز کا ٹھیکہ معطل کرایا، ملزم نے ’’کاسا کمپنی ‘‘کو غیر قانونی ٹھیکہ دلانے کے لیے اختیارات کا ناجائز استعمال کیاجس کی بناء پرحکومت کو 60لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا پڑا،ملزم فواد حسن فواد کے غیر قانونی اقدامات پراجیکٹ کے غیر ضروری التواء کا باعث بنے اور پراجیکٹ کی قیمت میں اربوں روپے کا اضافہ بھی ہوا، ملزم کے وکیل نے کہا کہ فواد حسن فواد پر بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے انہیں جسمانی ریمانڈپر نیب کے حوالے نہ کیا جائے،تاہم عدالت نے وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو مزید چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا،عدالت نے فواد حسن فواد کے طبی معائنے کے لئے بورڈ کی تشکیل اور تنخواہوں کی بحالی کی درخواستوںپر نیب سے جواب طلب کر لیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں