عوام کی خدمت قومی فریضہ سمجھ کر کرتے ہیں،چودھری پرویزالٰہی

ہفتہ 21 جولائی 2018 19:39

عوام کی خدمت قومی فریضہ سمجھ کر کرتے ہیں،چودھری پرویزالٰہی
لاہور۔21جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت قومی فریضہ سمجھ کر کرتے ہیں۔.گجرات میں پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان تحریک انصاف کے مشترکہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ خشک دریا محمدنوازشریف کی خارجہ پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، انہوں نے کہا کہ شریف برادران کے تما م منصوبے عوام کے سامنے آ چکے ہیں، عوام ان سے پوچھے کہ بھاشا ڈیم کو دس سال تک کیوں روکے رکھا، اس کا آغاز ہم نے کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دس سال وزیراعلیٰ رہنے والے محمد شہبازشریف عوام کو بتائیں کہ انہوں نے جیلوں میں کیا اصلاحات کی ہیں کہ آج ان کے بھائی محمد نوازشریف جیل میں سہولتیں نہ ملنے کا شکوہ کر رہے ہیں، ۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان میں ہے، اس لیے ہم عوام کی خدمت قومی فریضہ سمجھ کر کرتے ہیں، آئندہ بھی انشاء اللہ موقع ملا تو عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اسی صورت میں ترقی کر سکتا ہے جب اس کے حکمران کرپٹ نہ ہوں، اللہ کا خوف ہو اور ہر کام یہ سمجھ کر کریں کہ اللہ انہیں دیکھ رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ بطور وزیراعلیٰ میں نے پنجاب اور پاکستان کی تاریخ میں ایسے کام کیے کہ تین تین بار حکومت کرنے والے بھی ایسے کام نہ کر سکے۔ پی ٹی آئی کے پی پی 31 سے امیدوار چودھری سرور سلیم جوڑا نے بھی جلسہ سے خطاب کیا جبکہ سید فریاد شاہ، چودھری مستنصر احمد بانٹھ، چودھری احمد علی بانٹھ، چودھری ساجد لانہیکا سمیت دیگر رہنما بڑی تعداد میں موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں