لاہور ، احتساب عدالت نے فواد حسن فواد کو مزید چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا

ہفتہ 21 جولائی 2018 21:17

لاہور ، احتساب عدالت نے فواد حسن فواد کو مزید چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2018ء) لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو مزید چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا،عدالت نے فواد حسن فواد کے طبی معائنے کے لئے بورڈ کی تشکیل اور تنخواہوں کی بحالی کی درخواستوں پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

لاہور کی احتساب عدالت کے جج منیر احمد نے کیس کی سماعت کی، تفتیشی افسر نے فواد حسن فواد کو سخت سکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش کیا، تفتیشی افسر نے فواد حسن فواد کے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، انہوں نے کہا کہ ملزم فواد حسن فواد نے بطور سیکرٹری امپلی مینٹیشن برائے وزیر اعلی پنجاب اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، ملزم نے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو طاہر خورشید کو آشیانہ اقبال پراجیکٹ کا کنٹریکٹ معطل کرنے کے غیر قانونی احکامات جاری کئے، اور سرکاری طور پر کنٹریکٹ حاصل کرنیوالے چوہدری لطیف اینڈ سنز کا ٹھیکہ معطل کرایا، ملزم نے کاسا کمپنی کو غیر قانونی ٹھیکہ دلانے کے لیے اختیارات کا ناجائز استعمال کیاجس کی بناء پرحکومت کو ساٹھ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا پڑا،ملزم فواد حسن فواد کے غیر قانونی اقدامات پراجیکٹ کیغیر ضروری التواء کا باعث بنے اور پراجیکٹ کی قیمت میں اربوں روپے کا اضافہ بھی ہوا، ملزم کے وکیل نے کہا کہ فواد حسن فواد پر بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے انہیں جسمانی ریمانڈپر نیب کے حوالے نہ کیا جائے،تاہم عدالت نے وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو مزید چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا،عدالت نے فواد حسن فواد کے طبی معائنے کے لئے بورڈ کی تشکیل اور تنخواہوں کی بحالی کی درخواستون پر نیب سے جواب طلب کر لیا، گزشتہ روز ملزم کو گلگت بلتستان سپریم کورٹ کے روبرو پیش کرنے کے باعث احتساب عدالت پیش نہ کیا جا سکا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں