سانحہ ڈیرہ اسماعیل خان کے بعد شہرمیں دہشتگردی کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ

اتوار 22 جولائی 2018 21:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) سانحہ ڈیرہ اسماعیل خان کے بعد شہرمیں دہشتگردی کے پیش نظر ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر نے صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیدیا۔تفصیلات کے مطابق سانحہ ڈیرہ اسماعیل خان کے باعث شہر میں دہشتگردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی سخت کر دی گئی۔

ڈی آئی جی نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول سے باخبر رہیں اور مشکوک چیز یا شخص بار ے 15 پر اطلاع دیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز کو سیکیورٹی کا ازخود جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی۔ انہوںنے کاکہ دہشتگرد قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، پولیس اور عوام نے مل کر ایسے عناصر کو شکست دینی ہے۔

(جاری ہے)

شہزاد اکبر نے پولیس کو ہدایت جاری کی کہ شہر کی کچی آبادیوں میں سرچ آپریشن کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے امیدوار ملکی حالات کے پیش نظر اپنی سرگرمیاں محدود رکھیں۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے الیکشن کیلئے ملک بھر میں سیاسی گہما گہمی عروج پر ہے، تمام سیاسی جماعتیں انتخابی معرکہ جیتنے کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا رہی ہیں، پولیس نے پولنگ ڈے پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے سکیورٹی پلان بنا لیا۔ رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں