نواز شریف کو اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کرنے والے ڈاکٹر کے نواز شریف سے تعلقات سامنے آ گئے

جس ڈاکٹر نے نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی،اس کا صاحبزادہ ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہا ہے، اگر ایسا ہے تو ڈاکٹر کیانی کے میڈیکل لائسنس کا جائزہ لینا چاہیے، معروف صحافی معید پیرزادہ کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 23 جولائی 2018 16:12

نواز شریف کو اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کرنے والے ڈاکٹر کے نواز شریف سے تعلقات سامنے آ گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23جولائی 2018ء) سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ جس ڈاکٹر نے نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی ہے اس کا صاحبزادہ دراصل ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہا ہے ۔ ٹوئٹر پر صائمہ سد نامی خاتون نے ایک ٹویٹ کیا ہے کہ کیا ہی خوب کھیل ہے، بلال اظہر کیانی مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر جہلم سے الیکشن لڑ رہا ہے اور اس کے والد ڈاکٹر اظہر کیانی (ایگزیکٹو ڈائریکٹر آر آئی سی) نے سفارش کی ہے کہ نواز شریف کو ہسپتال منتقل کیا جائے۔

معروف صحافی معید پیرزادہ نے بھی اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ بات سچ ہے کہ بلال کیانی ن لیگ کے ٹکٹ پر یا ن لیگ کی حمایت کے ساتھ بطور آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہا ہیں تو مفادات کے ٹکراﺅ کے پیش نظر ڈاکٹر کیانی کے میڈیکل لائسنس کا جائزہ لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ روز نواز شریف کی اڈیالہ جیل میں طبیعت بگڑ گئی تھی۔

جس پرراولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی(آر آئی سی) کے ڈاکٹرز نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کا طبی معائنہ کیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق نواز شریف کے خون میں یوریا کہ مقدار میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور ان کے جسم میں پانی کی بھی شدید کمی ہے ۔ ڈی ہائیڈریشن کا شکارہونے کی وجہ سے نواز شریف کے دل کی دھڑکن بھی ناہموارہے۔ ڈاکٹرز نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایسی علامات میں نواز شریف کے دل پر دباؤاورگردوں پر اثر پڑ سکتا ہے اور ان کی کڈنی فیل ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کو طبیعت خرابی پر سیل سے نکال کر جیل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پمز اسپتال کے چار رکنی بنچ نے ان کا طبی معائنہ کیا۔ میڈیکل بورڈ میں شامل ان ڈاکٹرز کی حتمی رپورٹ پنجاب حکومت اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کو پیش کی جائے گی جس کے بعد ان کو پمز اسپتال منتقل کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پمز اسپتال منتقلی کے امکان کے پیش نظر انتظامیہ نے نواز شریف کے لیے وی آئی پی وارڈ میں کمرہ مختص کر دیا گیا ہے ، پمز اسپتال کے وی آئی پی وارڈ کے کمرے میں جدید طبی سہولیات بھی موجود ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں