مسلم لیگ (ن) کا نوازشریف کی علالت پر شدید تشویش کا اظہار ،

جیل انتظامیہ پر سہولیات فراہم نہ کرنے کا الزام نواز شریف کو دل کی شدید تکلیف ہے، انہیں علاج کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا جیل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، طبیعت خرابی پر مجھ سمیت خاندان کے کسی فرد کوکیوں آگاہ نہیں کیا گیا ‘شہباز شریف نوازشریف کی جیل میں طبیعت خراب ہونے پر پاکستانی قوم کو سخت تشویش ،بنیادی سہولیات سے محروم رکھنے سے حالت تشویشناک ہوئی ‘مریم اورنگزیب

پیر 23 جولائی 2018 17:25

مسلم لیگ (ن) کا نوازشریف کی علالت پر شدید تشویش کا اظہار ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کی علالت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اڈیالہ جیل انتظامیہ پر سابق وزیراعظم کو سہولیات فراہم نہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے نوازشریف ان دنوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں جہاں ان کی طبیعت ناساز ہے جس کے باعث سابق وزیراعظم کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ (ن) لیگ کے قائد نوازشریف کی جیل میں علالت پرسخت تشویش ہے، مطالبے کے باوجود جیل انتظامیہ نے سابق وزیراعظم کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا، ان کی طبیعت خرابی پر مجھ سمیت خاندان کے کسی فرد کوکیوں آگاہ نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے نگران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے نوازشریف کے ذاتی معالج کی رسائی کا مطالبہ کیا تھا لیکن نگران حکومت نے میرے مطالبے کو نظر انداز کردیا۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نواز شریف کو دل کی شدید تکلیف ہے، انہیں علاج کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا جیل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، ایک مرتبہ پھر سابق وزیراعظم کو ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسپتال منتقلی کی اپیل کرتا ہوں۔مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف کی جیل میں طبیعت خراب ہونے پر پاکستانی قوم کو سخت تشویش ہے، جیل انتظامیہ نے نواز شریف کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہوئی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے نگران وزیراعظم اور وزیراعلی کو خط بھی لکھا تھا جس میں نوازشریف کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں