نواز شریف،مریم نواز اورکیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو اڈیالہ جیل سے گھر منتقلی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

گھر کو ہی سب جیل قرار دینے کی استدعا

پیر 23 جولائی 2018 19:18

نواز شریف،مریم نواز اورکیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو اڈیالہ جیل سے گھر منتقلی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2018ء) سابق نواز شریف ان کی بیٹی مریم نواز اور اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو اڈیالہ جیل سے گھر منتقلی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے اور درخواست میں گھر کو ہی سب جیل قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ وطن پارٹی کے سربراہ بیرسٹر ظفر اللہ خان نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت ،چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری اور آئی جی جیل خانہ جات کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ایک ریفرنس میں سزا ہوئی ہے جبکہ دیگر ریفرنس احتساب عدالت میں ریفرنس زیر سماعت ہیں،درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی نے بیرون ملک سے آکر خود گرفتاری دی ہے اور قانون سے فرار نہیں ہوئے،نواز شریف تین مرتبہ ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں اور ان کی سزا کیخلاف اپیل بھی دائر ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے انہیں جیل سے گھر منتقل کیا جائے،درخواست میں کہا گیا کہ قانون کے تحت کسی مجرم کو اس کی سزا کیلئے جیل کے بجائے کسی دوسرے مقام پر رکھا جاسکتا ہے اور قانون میں یہ بھی گنجائش ہے کہ مجرم کے گھر کو سب جیل قرار دیا جاسکتا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے گھر کو سب جیل قرار دینے کا حکم دیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں