جسٹس صدیقی کیخلاف از خود نوٹس،کسی کیساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، جسٹس شوکت کیساتھ بھی انصاف ہوگا، چیف جسٹس

جب تک یہ طاقتور عدلیہ موجود ہے، ملک پر اللہ کا فضل رہے گا،میں اس معاملے پر از خود نوٹس نہیں لے رہا،چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے ریمارکس

پیر 23 جولائی 2018 22:00

جسٹس صدیقی کیخلاف از خود نوٹس،کسی کیساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، جسٹس شوکت کیساتھ بھی انصاف ہوگا، چیف جسٹس
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف از خود نوٹس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی،جسٹس شوکت کے ساتھ بھی انصاف ہوگا،جب تک یہ طاقتور عدلیہ موجود ہے، ملک پر اللہ کا فضل رہے گا،میں اس معاملے پر از خود نوٹس نہیں لے رہا۔

پیر کو سپریم کورٹ پاکستان میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف از خود نوٹس لینے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کسی سے نا انصافی نہیں کریں گے، جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے ساتھ بھی انصاف ہو گا۔اس موقع چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آئین سے عدالت کے اندر اپنا حلف بھی پڑھ کر سنایا اور درخواست گزار کو تسلی دی کہ ملک کے خلاف کچھ نہیں ہورہا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس پاکستان نے یمارکس دیئے کہ جب تک یہ طاقتور عدلیہ موجود ہے، ملک پر اللہ کا فضل رہے گا۔جسٹس ثاقب نثار نے درخواست گزار سے مکالمہ کیا کہ اگر آپ اس معاملے پر پٹیشن دائر کرنا چاہتے ہیں تو کر لیں، اس معاملے پر پہلے ہی نوٹس لیا جا چکا ہے، میں اس معاملے پر از خود نوٹس نہیں لے رہا۔واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے گزشتہ دنوں راولپنڈی ہائیکورٹ بار میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی تقریر کا نوٹس لے رکھا ہے جب کہ آئی ایس پی آر نے بھی ان کے بیان کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں