صوبائی کابینہ کا اجلاس، شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے انعقاد کا عزم ،سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ

نگران حکومت پنجاب کی غیر فعال اور غیر متحرک سرکاری کمپنیوں کو بند کرنے کی متفقہ طورپر اصولی منظوری فنڈنگ والی سرکاری کمپنیوں کے مستقبل کے تعین کیلئے محکمہ قانون اور محکمہ خزانہ سے حتمی رائے لی جائے گی ،پنجاب حکومت کے سرکاری ملازمین دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے قائم فنڈمیں رضاکارانہ طور پر تنخواہ دیں گے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں،پولنگ ڈے پر ووٹرز کو آزادانہ طور پر حق رائے دہی کے استعمال کیلئے پرامن ماحول فراہم کریں گے، اپنی قومی ذمہ داری کو بطریق احسن نبھائیںگے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کا اجلاس سے خطاب

پیر 23 جولائی 2018 22:00

صوبائی کابینہ کا اجلاس، شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے انعقاد کا عزم ،سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ فنڈنگ والی سرکاری کمپنیوں کے مستقبل کے تعین کیلئے محکمہ قانون اور محکمہ خزانہ سے حتمی رائے لی جائے گی ،پنجاب حکومت کے سرکاری ملازمین دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے قائم فنڈمیں رضاکارانہ طور پر تنخواہ دیں گے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں،پولنگ ڈے پر ووٹرز کو آزادانہ طور پر حق رائے دہی کے استعمال کیلئے پرامن ماحول فراہم کریں گے، اپنی قومی ذمہ داری کو بطریق احسن نبھائیںگے۔

پیر کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیر صدارت آج نگران صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا،وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ کابینہ کا اجلاس 3 گھنٹے تک جاری رہا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میںغیر فعال اور غیر متحرک سرکاری کمپنیوں کو بند کرنے کی متفقہ طورپر اصولی منظوری دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ غیر فعال اور غیر متحرک سرکاری کمپنیوں کو قانونی قواعد و ضوابط کے تحت بند کیا جائے گااور ایسی سرکاری کمپنیاں جنہیں فنڈنگ کی گئی ہے، ان کے مستقبل کے تعین کیلئے محکمہ قانون اور محکمہ خزانہ سے حتمی رائے کی جائیگی اوراس کی روشنی میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اجلاس میںکوڈ آف سول پروسیجر 1908کے پہلے شیڈول میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہورکیلئے انتظامی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی جبکہ شیخ زید میڈیکل کالج وہسپتال، رحیم یار خا ن کے بورڈ آف مینجمنٹ کو تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔کابینہ کے اجلاس میں چلڈرن ہسپتال اینڈانسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ لاہورکے بورڈ آف مینجمنٹ کے قیام کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں قائداعظم تھرمل پاور لمیٹڈ کو 3.175 ارب روپے کے اضافی ورکنگ کیپٹل کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیاگیاجبکہ ٹاؤن شپ میں پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے قیام کی منظوری کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں مزیدفیصلہ کیاگیاکہ پنجاب حکومت کے سرکاری ملازمین دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے قائم فنڈمیں رضاکارانہ طور پر تنخواہ دیں گے اوراس ضمن میں گریڈ ایک سے گریڈ 16 تک کے ملازمین ڈیم فنڈمیں رضاکارانہ طور پر ایک دن کی تنخواہ دیں گے جبکہ گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے ملازمین دو دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیرپاکستان کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے، پانی کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کار خیر میں شہریوں کو اپنی استطاعت کے مطابق حصہ ڈالنا چاہیئے۔پنجاب حکومت کے ملازمین اس فنڈمیں رضاکارانہ طورپر ایک یا دو دن کی تنخوا ہ دیںگے۔

اجلاس میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی اوران المناک واقعات میں سراج رئیسانی، ہارون بلور، اکرام اللہ گنڈا پور اور دیگر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ڈاکٹر حسن عسکری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی میں اپنے بلوچ اور پختون بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اورپنجاب حکومت نے سانحہ مستونگ کے متاثرین کی مالی امداد کیلئے ایک کروڑ روپے دیئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ سراج رئیسانی ،ہارون بلور،اکرام اللہ گنڈا پور محب وطن پاکستانی تھے اورقوم ان شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی۔ اجلاس میں 25 جولائی کو صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے انعقاد کے عزم کا اعادہ کیاگیااور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر پنجاب بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ ڈے پر ووٹرز کو آزادانہ طور پر حق رائے دہی کے استعمال کیلئے پرامن ماحول فراہم کریں گے۔انتخابی عمل کو شفاف بنانے کیلئے ہر سطح پر بہترین انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔تمام متعلقہ محکمے اورادارے 25جولائی کو پولنگ ڈے پر فعال اورمتحرک انداز میں فرائض سرانجام دیںگے اورہم اپنی قومی ذمہ داری کو بطریق احسن نبھائیںگے۔اجلاس میں نگران صوبائی وزراء ،چیف سیکرٹری،ایدیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اوراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں