انتخابات سے قبل پری پول دھاندلی کی جارہی ہے،ملک کو اناڑیوں اور کھلاڑیوں سے بچاناہے‘میاں مقصود احمد

ریاستی اداروں کے درمیان محاذ آرائی کافائدہ صرف اورصرف ملک دشمن قوتوں کوہوگا،الیکشن کمیشن ووٹر لسٹوں کے عوض لاکھوں روپے بٹورنے کی خبروں کاسختی سے نوٹس لے‘صدرمتحدہ مجلس عمل پنجاب وامیر جماعت اسلامی پنجاب کی منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو

پیر 23 جولائی 2018 22:02

انتخابات سے قبل پری پول دھاندلی کی جارہی ہے،ملک کو اناڑیوں اور کھلاڑیوں سے بچاناہے‘میاں مقصود احمد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل ہی پری پول دھاندلی کی جارہی ہے ،اقتدار کی ہوس اور لالچ میں کچھ لوگ کسی بھی قسم کے ضابطہ اخلاق کی پابندی نہیں کررہے ،مقانون بھی ان کے لیے موم کی ناک بن چکا ہے ،ملک کو اناڑیوں اور کھلاڑیوں سے بچانا ہے ،ریاستی اداروں کے درمیان محاذ آرائی کافائدہ صرف اورصرف ملک دشمن قوتوں کوہوگا ،ہمیں اپنے مسائل خود مل بیٹھ کر حل کرنے چاہئیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی تحفظات کو فوری دور کرنے کی ضرورت ہے۔الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں17ہزارپولنگ اسٹیشن حساس ترین قراردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

عوام اور امیدواروں کی جان ومال کوتحفظ فراہم کرنا نگران حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی اولین ذمہ داری بنتی ہے۔انہوں نے کہاکہ جس انداز میں انتخابی مہم کے ساتھ ساتھ دہشت گردی پروان چڑھ رہی ہے وہ آنے والے دنوں میں مزید سنگین ثابت ہوسکتی ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر فول پروف انتظامات کیے جائیں۔25جولائی ملک وقوم کی تقدیر بدلنے کادن ہے۔قوم اپنے حق رائے دہی کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن افسروں کی جانب سے ووٹر لسٹیں فراہم کرنے کے عوض امیدواروں سے لاکھوں روپے بٹورنے کی خبریں تشویش ناک ہیں۔قومی وصوبائی اسمبلی کی12ہزار5سو سے زائد امیدواروں نے حلقے کی ووٹرلسٹوں کے لیے ڈسٹرکٹ الیکشن افسروں سے رجوع کیاجس پر الیکشن کمیشن نے ووٹرلسٹوں کی سادہ فوٹو کاپی اور تصویر کی حامل ووٹر لسٹ کی کاپی فراہم کرنے کاکہا تھا مگراس اقدام میں بھی رشوت خوری کی اطلاعات پر الیکشن کمیشن فوری نوٹس لے اور ملوث افراد کے خلاف آئین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

میاں مقصوداحمد نے مزید کہاکہ صاف شفاف انتخابات کاانعقاد الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے جس کو ہر صورت میں مکمل بنایاجائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں