عوام ہر پانچ سال بعد پچھتانے کی بجائے 25 جولائی کو گھروں سے نکلیں اورکتاب کو ووٹ دیں‘ذکر اللہ مجاہد

لوگوں اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں تو25 جولائی کو اہل ، ایماندار اور باصلاحیت قیادت کا انتخاب کریں‘انتخابی جلسے سے خطاب

پیر 23 جولائی 2018 22:02

عوام ہر پانچ سال بعد پچھتانے کی بجائے 25 جولائی کو گھروں سے نکلیں اورکتاب کو ووٹ دیں‘ذکر اللہ مجاہد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل و امیر جماعت اسلامی لاہور اور امیدوار پی پی 173 ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اس بار الیکشن نظریات ، تہذیب اور کلچر کا مقابلہ ہے ، عوام آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے کتاب کو ووٹ دیں۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے اعوان ٹائون میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 70 سال سے عوام کی گردنوں پر سوار مفاد پرست خاندانوں اور سیاستدانوں نے عام آدمی کو اس کے حقو ق سے محروم کر کے رکھا ہوا ہے ۔عوام ہر پانچ سال بعد پچھتانے کی بجائے دو دن بعد 25 جولائی کو گھروں سے نکلیں اور درست فیصلہ کرتے ہوئے کتاب کے نشان پر مہر لگائیں تاکہ ملک کو اسلامی ، فلاحی اور رفاہی پاکستان بنا ئے جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کی سیاست کی ہے ، سیاست کو مخلوق خدا کی خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہیں ، جھوٹے وعدے اور کھوکھلے نعرے ہماری عادت نہیں ہم عملی کام پر یقین رکھتے ہیں بنا اقتدار کے شہر میں فلاحی کاموں میںہماری پہنچان کسی سے نہیں ڈھکی چھپی ہے ۔

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ کرپٹ بدیانت سیاستدانوں نے طویل عرصہ تک عوام کے حقوق کا استحصال کیا ہے اپنے اور اپنے خاندانوں کے بنک بیلنس میں اضافہ کیا اربوں روپے کی کرپشن کر کے منی لانڈرنگ کی اور ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے ۔ ٹیکسوں کی بھر مار نے غریبوں کی زندگی اجیران بنا دی ہے ، لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں تو25 جولائی کو اہل ، ایماندار اور باصلاحیت قیادت کا انتخاب کریںاور سیاسی خانہ بدوشوں اور جھوٹ کی سیاست سے عوام کو بے وقوف بنا نے والوں کو مسترد کریں تاکہ ان کا سیاسی بوریا بستر گول ہو۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں