مسلم لیگ (ن) کو انتخابی مہم کے لئے برابر مواقع اور سازگار ماحول فراہم نہیں کیا گیا‘مشاہد حسین سید

غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات پا کستان کے لئے ناگزیر ہیں، کامن ویلتھ کے 20 رکنی انتخابی مبصرین کے وفد سے ملاقات ، مشاہد حسین سید نے انتخابات میں پری پول دھاندلی کے حوالے سے بریفنگ دی

پیر 23 جولائی 2018 22:38

مسلم لیگ (ن) کو انتخابی مہم کے لئے برابر مواقع اور سازگار ماحول فراہم نہیں کیا گیا‘مشاہد حسین سید
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ( ن) کی سینٹرل میڈیا کمیٹی اور سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو انتخابی مہم کے لئے برابر مواقع اور سازگار ماحول فراہم نہیں کیا گیا۔غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات پا کستان کے لئے ناگزیر ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نائیجیریا کے سابق صدر کی قیادت میں آنے والے دولت مشترکہ کے 20رکنی انتخابی مبصرین کے وفد سے نجی ہوٹل میں ہونے والی ایک ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن )خواتین ونگ کی صدر سینیٹر نزہت صادق بھی موجود تھیں۔سینٹر مشاہد حسین سید نے انتخابی مبصرین کے وفد کو 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پری پول دھاندلی کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تین دستاویز ات دولت مشترکہ کے وفد کے حوالے کیں ۔ دستاویز ات میں مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے مقدمہ اور فیصلہ پر مبنی حقائق نامہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کو انتخابی مہم میں یکساں مواقع نہ ملنے اور کارکنوں پر دہشتگردی کے مقدمات کی تفصیلات بھی دستاویزات میں شامل ہیں۔ مشاہد حسین نے وفدکی بتایا کہ کس طرح مسلم لیگ ن کو مخصوص طریقے سے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے اور ہمارے قائد نواز شریف کی 13جولائی کو وطن واپسی کے موقع پر لاہور میں تاریخ ساز ریلی نکالنے پر کس طرح پارٹی کے صدر شہباز شریف ، ترجمان مریم اورنگزیب اور 18اہم رہنمائوں کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

قیادت کے خلاف جھوٹے مقدمات کے علاوہ 16ہزار 868کارکنوں کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے جس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ نگران حکومت بالکل غیر جانبدار ہوتی ہے لیکن 13جولائی کو ہماری ریلی کا مکمل میڈیا بلیک آئوٹ کیا گیا اور موبائل سروس بند کر دی گئی۔ سینیٹر مشاہد حسین نے آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد اور دھاندلی کو منظر عام پر لانے کیلئے مسلم لیگ ن کے قائم کردہ اینٹی رگنگ سسٹم کے حوالے سے بھی انتخابی مبصرین کو بتایا جسے وفد کے شرکاء نے بے حد سراہا اوراسے کسی سیاسی جماعت کی طرف سے دھاندلی روکنے کیلئے اپنی طرز کا منفرد نظام قرار دیا۔

مشاہد حسین نے کہا کہ مسلم لیگ ن پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت ہے جو جمہوریت کے تحفظ ، ووٹ کے تقدس اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آزادانہ اور شفاف الیکشن ہوئے تو عوام کی اکثریت مسلم لیگ ن کو ہی ووٹ دے گی کیونکہ ہم نے ملک سے دہشتگردی کا قلع قمع کیا، لوڈشیڈنگ کا بحران ختم کیا، تعلیم ، صحت اور انفراسٹرکچر کے بڑے بڑے منصوبے مکمل کیے اور سب سے بڑھ کر ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی منصوبے سی پیک کا تحفہ دیا۔آخر میں سینیٹر مشاہد حسین سید اور سینیٹر نزہت صادق نے دولت مشترکہ کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں