پاکستان سے پروٹوکول سیاست کا خاتمہ ہوچکا ، لال حویلی سے غریبوں کی بستی میں شفٹ ہورہا ہوں تاکہ انکے دکھ اور تکلیف کو محسوس کر سکوں

سربراہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 2 اگست 2018 23:13

پاکستان سے پروٹوکول سیاست کا خاتمہ ہوچکا ، لال حویلی سے غریبوں کی بستی میں شفٹ ہورہا ہوں تاکہ انکے دکھ اور تکلیف کو محسوس کر سکوں
لاہور۔2 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2018ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ ونومنتخب رکن قومی اسمبلی شیخ رشید نے کہا ہے کہ کامیاب اور پرامن انتخابات پر الیکشن کمیشن مبارکباد کا مستحق ہے اور اس کا سہرا پاک آرمی کے سر ہے،میرا مشن مکمل ہو گیاہے، مجھے وزارت میں جانے کا کوئی شوق نہیں ہے، عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے،مخالفین مجھے نااہل قرار دے رہے تھے مگر اللہ کا مجھ پر خاص فضل ہوا اور میں عوامی طاقت اور ووٹ سے کامیاب ہوا ہوں،اللہ کا احسان ہے پاکستان سے پروٹوکول سیاست کا خاتمہ ہوچکا ہے،اللہ مولانا فضل الرحمن پر رحم کرے۔

وہ جمعرات کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے،انہو ںنے کہا کہ پاکستانی سیاست میں ہمیشہ ہارنے والے دھاندلی کا شور مچاتے ہیں،پاکستان سے سیاسی لٹیروں کا خاتمہ ہوچکا ہے،پاکستانی میڈیا کا مشکور ہوں کہ مخالفت کے باوجود مجھے پروموٹ کیا ۔

(جاری ہے)

میں نے تو سیاست کا آغاز سکول ٹائم سے شروع کردیا تھا۔شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ میرے پاس ایل این جی سکینڈل میں شاہد خاقان عباسی کی کرپشن کے ناقابل تردید ثبوت ہیںجس سے ملکی سیاست میں بھونچال آ جائیگا۔

ہم نے نئے پاکستان میں نئی سیاست کا آغاز کرنا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ موجودہ شفاف انتخابات چیف جسٹس آف پاکستان کے مرہون منت ہے، الیکشن کمیشن نے غیر جانبداری کا مظاہرہ کیا اور اس سب کے پیچھے پاک آرمی کے جوانوں نے اپنا کردار ادا کیا،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں بنی گالہ وزارت کے حصول کیلئے نہیں جاتا اور نہ مجھے دولت،شہرت،وزارت کی خواہش ہے، آٹھ مرتبہ وزارت کے مزے لوٹ چکا ہوں،اب لال حویلی سے غریبوں کی بستی میں شفٹ ہورہا ہوں تاکہ غریب کے دکھ اور تکلیف کو محسوس کر سکوں۔

وزارتوں کی تقسیم بارے شیخ رشید نے کہا کہ یہ ذمہ داری عمران خان احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں،نواز شریف چور دروازے سے اقتدار میں آئے ،پاکستان آرمی ہی پاکستان کی اصل محافظ ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں سیاسی لٹیروں کا خاتمہ ہوا ہے اور نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں غریب کی آواز اور عوامی طاقت کا مظہر ہوں، جلد اور بھی لیگی رہنماء اڈیالہ جیل کے مہمان بنیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستانی عوام نے عمران خان کے نظریہ اور سوچ کو ووٹ دیا ہے،اب عمران خان کی قیادت میں تمام سیاسی لٹیرے انصاف کے کٹہرے میں ہوں گے۔پاکستانی عوام باشعور ہیںاور حالیہ انتخابات میں یہ ثابت ہوچکا ہے کہ عوام نے تبدیلی کو پسند کیا ہے اور اس سے پاکستان کو بہت فائدہ ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں