نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر خزانہ کی ملاقات،مالی نظم و ضبط کیلئے ٹھوس اقدامات پر ضیاء رضوی اور انکی ٹیم کی تعریف

حکومت کی جانب سے غیر ضروری اخراجات پر پابندی کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے،حسن عسکری

جمعرات 2 اگست 2018 23:13

نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر خزانہ کی ملاقات،مالی نظم و ضبط کیلئے ٹھوس اقدامات پر ضیاء رضوی اور انکی ٹیم کی تعریف
لاہور۔2 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر خزانہ و قانون ضیاء حیدر رضوی نے ملاقات کی۔نگران وزیراعلیٰ نے مالی نظم و ضبط کیلئے ٹھوس اقدامات پر ضیاء حیدر رضوی اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔ نگران وزیراعلیٰ نے قومی وسائل کی بچت اور کفایت شعاری کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے محکمہ خزانہ کی کارکردگی کو سراہا۔

نگران وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کا درست اور بروقت استعمال عوام کے مسائل حل کرتا ہے اورکسی بھی حکومت کیلئے مالیاتی ڈسپلن ناگزیر ہے اور یہی وجہ ہے کہ نگران حکومت نے وسائل کے ضیاع کو روکا ہے اور اس ضمن میں محکمہ خزانہ نے فنڈز کے استعمال کے حوالے سے موثر گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی وسائل کے درست اور بروقت استعمال سے عوام کو ریلیف ملتا ہے اور وسائل سماجی شعبوں کی بہتری پر صرف کرنے میں زیادہ گنجائش پیدا ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی جانب سے غیر ضروری اخراجات پر پابندی کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے اور مستقبل میں وسائل کو زیادہ سے زیادہ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں پر خرچ کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل میں مزید اضافہ ہونا چاہیئے تاکہ عوام کی حکومت سے توقعات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہر حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کے روزمرہ کے مسائل کے حل کیلئے موثر میکانزم تشکیل دے اور اس ضمن میں وسائل بھی مختص کئے جائیں اور ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے نئے آئیڈیاز اور جدت کے ساتھ پیشہ ورانہ انداز میںکام کرنے کی ضرورت ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومتی سطح پر سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دے کر نہ صرف غیر ضروری اخراجات پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ وسائل میں اضافے سے عوام کی بنیادی ضرورتوں کو پورا کیا جاسکتا ہے اور اس ضمن میں حکومتوں کو فعال اور متحرک انداز میں کام کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ وسائل کو عوام کے مسائل کے حل کیلئے استعمال کرنے سے ملک میں خوشحالی کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی عوام کے بہترین مفاد میں ہے۔ نگران حکومت نے اخراجات میں کمی کرکے آنے والی حکومت کیلئے مثال قائم کی ہے۔نگران صوبائی وزیر خزانہ و قانون نے اپنے محکموں کی کارکردگی کے بارے میں نگران وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا اور بتایا کہ نگران حکومت نے سخت مالی ڈسپلن پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکموں کے غیر ضروری اخراجات کو کم کیا ہے۔ اسی طرح وزیراعلیٰ آفس کے ماہانہ اخراجات میں تقریباً 4 کروڑ روپے کی بچت کی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں