عمران خان کی قیادت میں پاکستان جلد ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا، اعجازاحمدچوہدری

جمعرات 2 اگست 2018 23:13

عمران خان کی قیادت میں پاکستان جلد ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا، اعجازاحمدچوہدری
لاہور۔2 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2018ء) پاکستا ن تحریک انصاف کے سینئرمرکزی رہنما اعجازاحمدچوہدری نے کہا ہے کہ 2018کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی تاریخ ساز فتح پارٹی چیئرمین عمران خان کی محنتوں کا ثمر ہے، اس کامیابی کے پیچھے ان کی 22سالہ جدوجہد ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، کامیابی کے بعد عمران خان کے قوم سے خطاب سے جہاں ایک منتشر قوم کو امیدیں وابستہ ہوئی ہیں وہاں انہوں نے بین الاقوامی سطح اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا جو پیغام دیا ہے اس سے مشرق وسطیٰ میں قیام امن میں مدد ملے گی، بھارت افغانستان کے ساتھ کشیدگی کا خاتمہ ہوگا کیونکہ افغانستان میں اگر امن قائم ہوگا تو پاکستان میں بھی امن قائم ہوگا، ملک سے غربت و جہالت اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے جو انہوں نے قوم کے سامنے اصلاحات رکھی ہیں وہ اس میں ضرور کامیاب ہوں گے پوری قوم ان کے ساتھ ہے کرپشن فری پاکستان بنانے کا جو خواب 22سال پہلے عمران خان نے دیکھا تھا آج وہ پورا ہوتا دکھائی دے رہا ہے، ۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اب وفاق کی علامت بن چکی ہے، موجودہ انتخابات سے کرپٹ اور فرسودہ نظام کے خاتمے کی راہ ہموار ہوئی ہے، عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا، بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ہوگا، معیشت مضبوط اور بیرونی سرمایہ کاری میں بے پناہ اضافہ ہوگا، عمران خان نے کفایت شعاری اور سادگی کا جو پیغام دیا ہے اس سے انکی فہم و فراست اور قابلیت کا اندازہ ہوتا ہے، آج تک کسی حکمران نے بھی ایسا پیغام نہیں دیا جو عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں دیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں