نیب نے عمران خان کو 7 اگست کو طلب کر لیا

عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر کا 74 گھنٹے استعمال کیا جس سے قومی خزانے کو 21 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا، نیب ترجمان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 3 اگست 2018 11:16

نیب نے عمران خان کو 7 اگست کو طلب کر لیا
پشاور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔03 اگست 2018ء) نیب نے عمران خان کو سرکاری ہیلی کاپٹر کیس میں طلب کر لیا ہے۔نیب نے عمران خان کو 7 اگست کو طلب کیا ہے۔عمران خان پر سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا الزام عائد ہے اور کہا گیا ہے کہ عمران خان نے 74 گھنٹے تک سرکاری ہیکی کاپٹر کا استعمال کیا ہے۔سرکاری ہیلی کاپٹر کیس میں سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور کئی افسران پہلے ہی اپنے بیانات ریکارڈ کروا چکے ہیں۔

اس سے پہلے بھی مذکورہ کیس میں عمران خان کو طلب کیا گیا تھا۔ نیب خیبر پختونخوا نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جانب سے منظوری کے بعد پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو طلب کیا گیا تھا۔ عمران خان ہیلی کاپٹر کیس میں انتخابی مصروفیات کے باعث نیب خیبر پختونخوا میں پیش نہ ہوسکے ،نیب کو الیکشن کے بعد تاریخ دینے کی درخواست دی تھی۔

(جاری ہے)

جب کہ پرویز خٹک ہیلی کاپٹر کیس میں اپنے جوابات نیب کو ریکارڈ کروا چکے ہیں۔نیب کی جانب سے وزیراعلی خیبر پختونخوا کو 2 سوالنامے دیئے گئے تھے۔ سوالناموں میں مالم جبہ میں سرکاری اراضی کی لیز اور سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق سوالات بھی شامل تھے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی پرویز خٹک کی جانب سے جمع کرائے گئے تفصیلی جوابات کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے اور اگر جوابات تسلی بخش نہ ہوئے تو وزیر اعلیٰ کے خلاف ریفرنس قائم کیا جائیگا۔

یاد رہے نیب ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین نے سرکاری ہیلی کاپٹر کا 74 گھنٹے استعمال کیا جس سے قومی خزانے کو 21 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا۔ عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر بنی گالہ سے کوہاٹ، پشاور، مردان، بٹگرام، دیر اور کمراٹ کیلئے استعمال کیا۔ نیب کے مطابق دوسرے سرکاری ہیلی کاپٹر کو بھی بنی گالہ سے پشاور، کوہاٹ، ایبٹ آباد، ہری پور، چترال، سوات اور نوشہرہ کیلئے استعمال کیا گیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین کو 7اگست کو نیب کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں