پولیس شہداء نے اپنے لہو سے امن کی داستان رقم کی ہے، پولیس شہداء پوری قوم کے ہیرو ہیں

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کا یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پیغام

جمعہ 3 اگست 2018 21:53

پولیس شہداء نے اپنے لہو سے امن کی داستان رقم کی ہے، پولیس شہداء پوری قوم کے ہیرو ہیں
لاہور۔3 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2018ء) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ پولیس شہداء نے اپنے لہو سے امن کی داستان رقم کی ہے اور ہم یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس کے افسروں اور اہلکاروں کی عظیم قربانیوں اوران کے اہل خانہ کوسلام پیش کرتے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں عوام کے جان و مال اور مادر وطن کی حفاظت و قیام امن کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دینے والے پولیس افسران و اہلکاروںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہداء نے پاک وطن کے امن کیلئے بہادری اور جرأت کی نئی تاریخ رقم کی ہے اور شہداء کا قیمتی لہو وطن کو امن کا گہوارہ بنانے کی جدوجہد میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم آج اپنے عظیم ہیروز کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے، بلاشبہ پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز ملک کے اندر موجود دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں مصروف عمل ہیں اورملک کی بقا و سلامتی کیلئے پولیس فورس کی عظیم قربانیاں انمٹ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وطن پر اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پولیس شہداء پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کے نتیجہ میں آج ملک میں امن واپس آیا ہے۔ شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں