آر ٹی ایس سسٹم پی آئی ٹی بی نے بنایا نہ ہی ہم سے کوئی انکوائری ہو رہی ہے‘ ڈاکٹر عمر سیف

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے پی آئی ٹی بی کی پوزیشن واضح کرنے کی حامی بھری ہے،جعلی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف ایف آئی سے رجوع کر رہے ہیں آر ٹی ایس میں خرابی کا سراغ لگانے سے متعلق کوئی تکنیکی مدد مانگی گئی تو معاونت کریں گے‘ چیئرمین پی آئی ٹی بی کی ہنگامی پریس کانفرنس

جمعہ 3 اگست 2018 23:24

آر ٹی ایس سسٹم پی آئی ٹی بی نے بنایا نہ ہی ہم سے کوئی انکوائری ہو رہی ہے‘ ڈاکٹر عمر سیف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2018ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ آر ٹی ایس سسٹم نادرا اور الیکشن کمیشن نے مل کر بنایا تھا اور پی آئی ٹی بی کا اس کی تیاری، معاونت یا ہوسٹنگ میں ایک فیصد کردار بھی نہیں تھا،سیکرٹری الیکشن کمیشن فتح بابر یعقوب سے فون پر بات ہوئی ہے اور انہوں نے پی آئی ٹی بی کی پوزیشن واضح کرنے کی ہامی بھری ہے۔

ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گمنام اور شر پسند عناصر کی جانب سے پرنٹ،الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں کہ آرٹی ایس سسٹم پی ٹی آئی بی نے بنایا تھا۔ایک سوال کے جواب میں عمر سیف نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آر ٹی ایس میں خرابی کے حوالے سے پنجاب آئی ٹی بورڈ یا اس کے کسی افسر کو انکوائری کے لئے نہیں بلایا۔

(جاری ہے)

اگر پنجاب آئی ٹی بورڈ سے آر ٹی ایس میں خرابی کا سراغ لگانے سے متعلق الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی تکنیکی مدد مانگی گئی تو وہ الیکشن کمیشن کی ضرور معاونت کریں گے۔ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا ، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر جھوٹی، بے بنیاد اور من گھڑت خبریں پھیلائی جا رہی ہیںجو قابل مذمت فعل ہے۔ پی آئی ٹی بی نے ایسی افواہوں کی بیخ کنی کے لئے ایف آئی اے سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات کو بروقت اور مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی ٹی بی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی خواہش پر بہت سے پراجیکٹس پر بلامعاوضہ کام کر چکا ہے اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی کے ثمرات سے بہرہ مند کیا جا سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں