عمران پہلے بھی اپوزیشن میں تن تنہا کھڑے تھے آج حکومت میں بھی اکیلے ہیں‘میاں محمود الرشید

ٹھگوں کا گروہ کل بھی متحد تھا آج بھی متحد ہے، بہتر ہے شہباز شریف خود کو اپوزیشن میں رہنے کی عادت ڈال لیں

ہفتہ 4 اگست 2018 21:51

عمران پہلے بھی اپوزیشن میں تن تنہا کھڑے تھے آج حکومت میں بھی اکیلے ہیں‘میاں محمود الرشید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے کہا ہے کہ عمران پہلے بھی اپوزیشن میں تن تنہا کھڑے تھے آج حکومت میں بھی اکیلے ہیں، ٹھگوں کا گروہ کل بھی متحد تھا آج بھی متحد ہے، بہتر ہے شہباز شریف خود کو اپوزیشن میں رہنے کی عادت ڈال لیں کیونکہ اب عمران سے اقتدار چھیننا انکے بس میں نہیں، پنجاب کو جاگیر سمجھنے والے یہ بھی جان لیں عوام اب جاگ گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور روانگی سے قبل بنی گا لہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کا انتخاب کرکے ایک بڑی ذمہ داری ڈالی ہے، ہر شہری کو بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی و خوشحالی، روزگار اور گھروں کی فراہمی سمیت ہر وعدہ پورا کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ وقت ثابت کریگا عمران خان نہیں2018ء کا انتخاب پاکستان اور پاکستان کا ہر بچہ جیتا، ملکی کی تقدیر بدلنے کیلئے ایک سچے اور نڈر لیڈر کی ضرورت تھی جو عوام کو مل گیا۔

انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت ہے جو بیک وقت2صوبوں اور وفاق میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے، تحریک انصاف اس چیلنج کو قبول کرنے کیلئے تیار ہے عوام کو ڈلیور کرکے ثابت کریں گے کہ انہوں نے بہتر انتخاب کیا ہے اسلئے بہتر ہے شہباز شریف خود کو اپوزیشن میں رہنے کی عادت ڈال لیں کیونکہ اب عمران سے اقتدار چھیننا انکے بس میں نہیں ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں