عظیم قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں

،جام شہادت نوش کرنیوالے بہادر شہداء کی فیملیز کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام

ہفتہ 4 اگست 2018 22:25

عظیم قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ عظیم قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں ، پنجاب پولیس بھی پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اپنے بہادر شہداء کی فیملیز کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی اور انکی فلاح و بہبود کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پاکستان میں پولیس کے 15ادارے مل کر ایک ہی دن اپنے شہداء کی لازوال قربانیوںکے اعتراف میں باوقار اور مثالی تقریبات کا انعقاد کررہے ہیں جس کا مقصد قوم کے بہادر سپوتوں کو انکی قربانیوں کے شایان شان گلہائے عقیدت پیش کرنا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے اور پنجاب پولیس کے افسران و اہلکار اپنے شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کیلئے ہر لمحہ سر بکف ہیں اور یوم شہداء کی مناسبت سے صوبے کے تمام اضلاع میں سینئرپولیس افسران نے اپنے شہداء کی آخری آرام گاہوں پر فاتحہ خوانی کے ساتھ ساتھ انکے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی ہے تاکہ انہیں اپنایت کا بھرپور احساس دلانے کے ساتھ ساتھ درپیش تمام مسائل کے حل میں کوئی کسر باقی نہ رہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے یہاں پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں لاہور پولیس کے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ڈی آئی جی آپریشنزلاہور ، شہزاد اکبر اور اے آئی جی ایڈمن پنجاب افضال احمد کوثر سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ یوم شہدائے پولیس کا آغاز قلعہ گجرسنگھ پولیس لائنز لاہور میں نماز فجر کے بعد فاتحہ خوانی سے ہوا جس کے بعد یادگار شہدا پر پولیس کے چا ک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے شہداء کے ورثا ء اور انکے بچوں سے ملاقات کرتے ہوئے انکے مسائل بھی دریافت کئے ۔ آئی جی پنجاب نے شہدا کی فیملیز سے گفتگو کے دوران کہا کہ بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس آپکے تمام مسائل کافوری حل میری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور پنجاب پولیس زندگی کے ہر مشکل لمحے میں آپکے شانہ بشانہ موجود رہے گی ۔

انہو ں نے مزید کہا کہ میری نظر میں پولیس شہدا کی فیملیز کا شمار پاکستان کے عظیم خاندانوں میں ہوتا ہے اورمیرے دروازے قوم کے ان محسنوں کے ورثاء کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہدا ء کی قربانیوں نے پوری فورس کا مورال اور عزم وحوصلہ مزید بلند کردیا ہے اور پنجاب پولیس کے افسران و اہلکار انکے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کے جان ومال اور عزت و آبرو کے تحفظ میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں