نمبرز پورے ہونے کے دعوئوں کے باوجود وزیر اعلیٰ کی نامزدگی نہ ہونے سے پی ٹی آئی کے اپنے لوگ تذبذب کا شکار

وزارت اعلیٰ کیلئے حتمی نام سامنے نہ آنے کے باعث اس عہدے کیلئے امیدواروں کی فہرست بھی طویل ہو گئی

اتوار 5 اگست 2018 18:30

نمبرز پورے ہونے کے دعوئوں کے باوجود وزیر اعلیٰ کی نامزدگی نہ ہونے سے پی ٹی آئی کے اپنے لوگ تذبذب کا شکار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2018ء) تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے نمبرز پورے ہونے کے دعوئوں کے باوجود وزیر اعلیٰ کی نامزدگی نہ ہونے سے پارٹی کے اپنے لوگ تذبذب کا شکار ہو گئے ،وزیر اعلیٰ کے عہدے کیلئے حتمی نام سامنے نہ آنے کے باعث عہدے کیلئے امیدواروں کی فہرست بھی طویل ہو گئی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پارٹی کے دو بڑے رہنمائوں کے درمیان مبینہ طو رپر وزارت اعلیٰ کے نام پر رسہ کشی کی وجہ سے گزشتہ کئی روز سے پارٹی مشکلات کا شکار رہی تاہم اب عمران خان نے اس عہدے پر نامزدگی کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے جس کا باضابطہ اعلان آئندہ ایک دو روز میں کر دیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ کے عہدے کیلئے باضابطہ نامزدگی نہ ہونے کی وجہ سے قیاس آرائیاں جنم لے رہی ہیں جبکہ اس عہدے کیلئے خواہشمند امیدواروں کی فہرست طویل ہوتی جارہی ہے اور اب اس دوڑ میں سامنے آنے والے ناموں میں عبدالعلیم خان ، فوادچوہدری، سبطین خان ،یاسمین راشد ،یاسر ہمایوں سمیت دیگر کے نام شامل ہیں ۔پارٹی کے سنجیدہ رہنمائوں کا کہناہے کہ قیادت کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لئے بلا تاخیر نامزدگی کر دینی چاہیے تاکہ کارکنوں اور عوام کے سامنے صورتحال واضح ہو سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں