عمران خان کا پارٹی ٹکٹوں کی مبینہ فروخت پرچھان بین کا فیصلہ

عمران خان کی ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے قائم پارٹی بورڈز سے پوچھ گچھ ، عمران خان نے توقع سے زیادہ شکست کھانے پرانتخابی امیدواروں کے ٹکٹوں کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 5 اگست 2018 19:45

عمران خان کا پارٹی ٹکٹوں کی مبینہ فروخت پرچھان بین کا فیصلہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی ٹکٹوں کی مبینہ فروخت کے پیش نظر چھان بین کا فیصلہ کرلیا ہے،عمران خان نے پی ٹی آئی کے ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے بنائے گئے پارلیمانی بورڈز سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توقع سے زیادہ شکست کھانے پرانتخابی امیدواروں کی جانچ پڑتال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

عمران خان نے ٹکٹوں کے پارلیمانی بورڈزسے بھی پوچھ گچھ شروع کردی ہے کہ انتخابات 2018ء میں اتنی زیادہ تعداد میں امیدواروں کے ہارنے کی کیا وجہ تھی؟کیا امیدواروں کو میرٹ پر ٹکٹ نہیں دیے گئے تھے؟ انہوں نے کہا کہ اگر انتخابی امیدواروں کو میرٹ پرٹکٹ دیے جاتے توجیت کا مارجن اس قدر کم نہ ہوتا۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کوشبہ ہے کہ انتخابی امیدواروں کو ٹکٹس دیتے وقت میرٹ کے ساتھ ٹکٹ فروخت بھی کیے گئے ہیں۔

کیونکہ پی ٹی آئی کے متعدد انتخابی حلقوں میں ایسے امیدواروں کوٹکٹ نہیں دیے گئے جو نظریاتی کارکن بھی تھے اور انتخابی معرکہ جیتنے کی صلاحیت بھی رکھتے تھے۔جب ایسے کارکنان کوٹکٹ نہیں دیے گئے تووہ ناراض ہوگئے ۔تاہم عمران خان نے ان کی ناراضگی کا ازالہ کرنے کیلئے امیدواروں کوٹکٹوں کی مبینہ فروخت سے متعلق جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف نے الیکشن 2018ء میں برتری حاصل کرنے کے بعد حکومت سازی کیلئے اپنے نمبرز پورے کرلیے ہیں۔

تحریک انصاف نے مرکز میں مسلم لیگ ق ، ایم کیوایم ، بی اے پی اور شیخ رشید کواپنا اتحادی بنانے کا معاہدہ بھی کرلیا ہے۔ اسی طرح آزاد امیدواروں کی زیادہ تعداد پی ٹی آئی میں شامل ہوگئی ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں بھی حکومت سازی کیلئے نمبرز گیم پوری کرلی ہے۔ واضح رہے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کفایت شعاری اور سادگی کی مثال قائم کرنے کیلئے وفاقی کابینہ کاحجم انتہائی کم رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تاکہ قومی خزانے پر اخراجات کے بوجھ کو کم کیا جاسکے۔ تحریک انصاف نے وفاقی کابینہ میں اپنی اتحادی جماعتوں کو بھی نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ابتداء میں وفاقی وزراء کی تعداد زیادہ اور وزراء مملکت کی تعداد کم رکھی جائے گی۔اسی طرح مشیر بھی کم رکھے جائیں گے۔ لیکن کم وفاقی کابینہ میں بھی اتحادی جماعتوں کونمائندگی دی جائے گی۔کابینہ کے پہلے مرحلے میں 15سے 20وزراء کی کابینہ تشکیل دی جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بطور وزیراعظم اپنی کابینہ کے وزراء کی کارکردگی کوخود مانیٹر کریں گے۔ عمران خان کے نزدیک وفاقی کابینہ کی اولین ترجیح سادگی اور کفایت شعاری ہونی چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں