زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو مزید 3 مقدمات میں 12 مرتبہ سزائے موت سنادی گئی،

60لاکھ جرمانہ ، 30لاکھ دیت ادا کرنے کا حکم انسداد دہشت گردی عدالت نے مجرم عمران کو 5سالہ عائشہ، 8سالہ لائبہ اور 7سالہ نور فاطمہ سے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی

پیر 6 اگست 2018 15:42

زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو مزید 3 مقدمات میں 12 مرتبہ سزائے موت سنادی گئی،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2018ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو مزید 3 مقدمات میں 12 مرتبہ سزائے موت سنادی۔لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 17 فروری کو زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم عمران کو 4 مرتبہ سزائے موت سنائی تھی جس کے خلاف اس نے اپیل لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی جسے عدالت نے سماعت کے لیے منظور کیا تھا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے مجرم کے خلاف مزید 3 مقدمات کا فیصلہ سنایا جس میں زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو 12 مرتبہ سزائے موت سنائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مجرم عمران کو 5سالہ عائشہ، 8سالہ لائبہ اور 7سالہ نور فاطمہ سے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی۔عدالت نے مجرم کو 60لاکھ روپے جرمانہ اور 30لاکھ روپے دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب کے ضلع قصور سے اغواء کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، جس کی لاش 9 جنوری کو ایک کچرا کنڈی سے ملی تھی۔زینب کے قتل کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور قصور میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے جس کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 2افراد جاں بحق بھی ہوئے۔بعدازاں چیف جسٹس پاکستان نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں