چیئرمین نیب کا لاہورآفس کا دورہ، زیرتفتیش کرپشن کیسز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی

ڈی جی نیب لاہور نے چیئرمین نیب کو پیراگون سٹی ،آشیانہ اقبال،صاف پانی کمپنی ،نندی پور پاور پلانٹ منصوبوں میں مبینہ کرپشن اورآف شورکمپنیاں رکھنے والے افراد سمیت دیگر کیسز کے حوالے سے بریفنگ دی نیب نے اپنے عمل سے ثابت کیاکہ ہمارا کسی گروہ، پارٹی یا سیاستدان سے کسی قسم کا تعلق نہیں ،کسی قسم کے دباؤ اور سفارش کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تحقیقات جاری رہیں گی،جسٹس(ر)جاوید اقبال کی گفتگو

منگل 7 اگست 2018 20:31

چیئرمین نیب کا لاہورآفس کا دورہ، زیرتفتیش کرپشن کیسز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2018ء) قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جسٹس جاوید اقبال نے نیب لاہور کا دورہ کیا جنہیں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم کی جانب سے لاہور بیورو میں زیر تفتیش کرپشن کیسز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں شامل کیسزجن میں فواد حسن فواد کیخلاف جاری پیرا گون سٹی کیس میں مبینہ کرپشن و اختیارات کے ناجائز استعمال پر انکوائری، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کیخلاف جاری انویسٹی گیشن، آشیانہ اقبال کرپشن کیس میں جاری تحقیقات، صاف پانی کمپنی میں مبینہ مالی بدعنوانی پر انکوائری، لاہور پارکنگ کمپنی میں مبینہ بدعنوانی پر جاری انکوائری، پنجاب منرل کمپنی، ملزم ارشد وحید ،سی ای ا و، ارتھ ریسورس پرائیویٹ لمیٹیڈ ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، نندی پور پاور پلانٹ کیس، پیراگون سٹی انتظامیہ و ڈویلپرز کیخلاف جاری انکوائریوں پر جامع بریفنگ دی گئی اس کے علاوہ پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں گرفتار ملزم اکرام نوید کیخلاف تحقیقات ،عبدالعلیم خان کے خلاف آف شور کمپنیز کے حوالے سے انکوائری، مونس الہی کے خلاف آف شور کمپنی کیس میں انکوائری اور چوہدری برادران کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے پر انکوائری، ایڈن ہاؤسنگ انتظامیہ کیخلاف انکوائری جس میں نیب لاہور کیجانب سے تاحال 9700سے زائد کلیمز وصول کئے جا چکے ہیں اور ایل ڈی اے سٹی کیس میں جاری تحقیقات پر کی گئی پیشرفت پربریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران چیئر مین نیب نے احد خان چیمہ کیخلاف جاری تحقیقات میں فوری طور پرمعزز احتساب عدالت کے روبرو سپلیمینٹری ریفرنس داخل کرنے کے احکامات جاری کئے۔لاہور پارکنگ کمپنی کے سابق سی ای اوحافظ نعمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کے اخراج کے لئے بھی عدالت سے فوری طور پر رجوع کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔اس دوران چیئر مین نیب کا کہنا تھا کہ نیب نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ ہمارا کسی گروہ، پارٹی یا سیاستدان سے کسی قسم کا تعلق نہیں ہے۔کسی قسم کے دباؤ اور سفارش کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تحقیقات جاری رہیں گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں