حرمین الشریفین پر حوثی باغیوں کے میزائل حملہ امت مسلمہ کیلئے نقابل قبول ہیں،پاکستان علماء کونسل

حوثی باغیوں اور انکے سرپرستوں کے خلاف مؤثر اور واضح حکمت عملی کی ضرورت ہے ،حافظ محمدطاہراشرفی

منگل 7 اگست 2018 22:16

حرمین الشریفین پر حوثی باغیوں کے میزائل حملہ امت مسلمہ کیلئے نقابل قبول ہیں،پاکستان علماء کونسل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2018ء) حج کے ایام میں ارض الحرمین الشریفین پر حوثی باغیوں کی طرف سے میزائل حملے امت مسلمہ کیلئے نا قابل قبول ہیں ، اسلامی سربراہی کانفرنس، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اہم اسلامی ممالک کو فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں ، کینیڈا کی سعودی عرب میں مداخلت قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ، انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کے نام پر بعض گروہوں کو اسلامی ممالک کو غیر مستحکم کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان علماء کونسل راوالپنڈی اسلام آباد کے ذمہ داران کے وفود اور عرب ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا اسید الرحمن سعید ، مولانا اسعد زکریا ، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا نائب خان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمودا شرفی نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے ، مسلم دنیا کی سیاسی و مذہبی قیادت کو مل بیٹھ کر غورو فکر کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ ارض الحرمین الشریفین کے امن سے کھیلنے کی مسلسل کوشش ہو رہی ہے اور حج کے ایام میں ارض الحرمین الشریفین پر حوثی باغیوں کی طرف سے میزائل حملوں کی کوشش امت مسلمہ کیلئے تشویشناک اور نا قابل قبول ہے ، انہوں نے کہا کہ حوثی باغیوں اور ان کی سرپرستی کرنے والی قوتوں کے خلاف مؤثر اور واضح حکمت عملی کی ضرورت ہے ، اسلامی سربراہی کانفرنس اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اس پر فوری عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں ، انہوں نے کہا کہ کینیڈا اور دیگر ممالک کی طرف سے سعودی عرب کے داخلی امور میں مداخلت نا قابل قبول ہے ، کسی بھی ملک کو یہ حق نہیں دیا جا سکتا کہ وہ دوسرے ممالک کے امور میں مداخلت کرے ، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو حق حاصل ہے کہ وہ ملک میں امن و امان کے قیام اور استحکام کیلئے ہر طرح کے اقدامات کر ئے اور جو سعودی شہری غیرملکی امداد پر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کریں ان کے خلاف اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے نام پر سعودی عرب کے خلاف مہم کا اصل مقصد سعودی عرب میں شرعی قوانین کے خاتمے کی سازش ہے جو امت مسلمہ کسی بھی صورت قبول نہیں کرے گی ، امت مسلمہ کینیڈا اور بعض دیگر ممالک کی طرف سے انسانی حقوق کے نام پر سعودی عرب کے خلاف چلائی جانے والے مہم کو مسترد کرتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں