نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت پنجاب کی صوبائی کابینہ کا آخری اجلاس تین گھنٹے تک جاری رہا

یوم آزادی بھرپور جوش و خروش سے منانے کا فیصلہ،سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائینگے ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم،کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی یونائیٹڈ کرسچین ہسپتال کے بلوںکی ادائیگی کیلئے گرانٹ مہیا کرنیکا فیصلہ، بلڈ کینسرکے بچے کے علاج معالجے کیلئے مالی امداد کی منظوری بچے کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے حکومت پنجاب جبکہ صوبائی وزراء سردار تنویر الیاس اور انجم نثار اپنی جیب سے 10، 10 لاکھ روپے دینگییونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور کے وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے سلیکشن آف پینل کیلئے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری نگران وزیراعلیٰ نے قومی ذمہ داری نبھانے پر وزراء، چیف سیکرٹری،آئی جی،انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا

منگل 7 اگست 2018 22:24

نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت پنجاب کی صوبائی کابینہ کا آخری اجلاس تین گھنٹے تک جاری رہا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2018ء) نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت پنجاب کی نگران صوبائی کابینہ کا آخری اجلاس منعقد ہوا جو تین گھنٹے تک جاری رہا۔وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والے اجلاس میں یوم آزادی بھرپور جوش و خروش سے منانے کا فیصلے کیاگیا،جس کے تحت14اگست کویوم آزادی پر صوبہ بھر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ یوم آزادی کی مرکزی تقریب حضوری باغ میں ہوگی،اسی طرح ڈویژن،ضلع اورتحصیل کی سطح پر بھی جشن آزادی کی تقریبات اورپروگرامز ہوںگے۔

سرکاری محکمے اورادارے جشن آزادی کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کریںگے۔اجلاس میں جشن آزادی کے موقع پرعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یوم آزادی کے موقع پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کرنے کا حکم دیاگیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ جشن آزادی کے نام پر قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی اورقانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

کابینہ اجلاس میں یونائیٹڈ کرسچین ہسپتال گلبرگ کے واجب الادا بلوںکی ادائیگی کیلئے گرانٹ مہیا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ یونائیٹڈ کرسچین ہسپتال کے ایشوکو ذاتی طور پر حل کرانے کیلئے اقدامات کیے جائیںگے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بلڈ کینسرکے موذی مرض میں مبتلا 15 سالہ بچے کے علاج معالجے کیلئے مالی امداد کی منظوری دی گئی۔

بچے کے علاج معالجے کیلئے 10 لاکھ روپے حکومت پنجاب جبکہ نگران صوبائی وزراء سردار تنویر الیاس اور انجم نثار اپنی جیب سے 10، 10 لاکھ روپے دیں گے۔اجلاس میں صوبائی محتسب پنجاب کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2017 بھی پیش کی گئی۔ نگران صوبائی کابینہ نے یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور کے وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے سلیکشن آف پینل کیلئے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری بھی دی۔

کابینہ کے اجلاس میں صاف ،شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے بہترین انتظامات پر نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری، صوبائی کابینہ، انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں سے اظہار تشکر کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے منصفانہ اورشفاف الیکشن کرانے کی قومی ذمہ داری بطریق احسن نبھانے پر صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ضلعی انتظامیہ، پولیس، فوج ، رینجرز اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔

نگران وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ ڈے پر ووٹرز کو حق رائے دہی کے آزادانہ استعمال کیلئے پرامن ماحول کی فراہمی قومی خدمت کے مترادف ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور متعلقہ سرکاری اداروں کی پیشہ ورانہ انداز میں خدمات کے باعث پولنگ ڈے پرامن اور پرسکون رہا۔ پولیس اور انتظامیہ نے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر پیشہ ورانہ انداز میں الیکشن پر فرائض سرانجام دیئے۔

ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ میں وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ محکموں کے حکام کابھرپور تعاون کرنے پر شکرگزار ہوں۔ آپ سب کی محنت اورپیشہ ورانہ انداز میں فرض کی ادائیگی کے باعث تمام حکومتی امور خوش اسلوبی سے طے پائے،جو اس بات کا غماز ہے کہ اگرسرکاری ملازم ایمانداری کے ساتھ پروفیشنل انداز میں کام کریں تونتائج بھی مثبت آتے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ آپ کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا اورپوری ٹیم نے انتہائی محنت اورعزم کے ساتھ ایک قومی ذمہ داری کو نبھایا۔نگران کابینہ کے ارکان نے اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری کی لیڈرشپ اور انتظامی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ نگران کابینہ نے ڈاکٹر حسن عسکری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کی رہنمائی میں جس احسن طریقے سے الیکشن کے انعقاد کی قومی خدمت کو سرانجام دیا گیا ہے، تاریخ میں اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اجلاس میں نگران صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں