جنرل ہسپتال میںماحول کو خوشگوار بنانے کیلئے مختلف شعبوں میں شجر کاری مہم کا آغاز

ادارے میں 1200پودے لگانے کا ہدف پورا کریں گے ‘ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج کی گفتگو

بدھ 8 اگست 2018 16:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2018ء) صوبے بھر کی طرح لاہور جنرل ہسپتال میں بھی شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ماحول کو خوشگوار بنانے کیلئے مختلف بلاکس میں پودے لگائے گئے ہیں۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر محمد طیب کا کہنا تھا کہ اس ادارے میں1200پودے لگانے کا ہدف حاصل کر لیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سرسبز پاکستان اور ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہم سب کا عزم ہونا چاہیے۔نوجوان نسل اور ہرشہری کو پودوں کی اہمیت سے آگاہی ضروری ہے اور اس سلسلے میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔پرنسپل ایل جی ایچ نے کہا کہ اپنی سالگرہ کی طرح ہمیں درختوں کو بھی یاد رکھناچاہیے اور شجر کاری کرنے کے بعد اُن کی مناسب حفاظت کا بھی بندوبست یقینی بنانا چاہیے ،پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ دیگر ملکوں کے مقابلے میں پاکستان جنگلات کے شعبے میں بہت پیچھے ہے اور حکومت کے علاوہ شہریوں کا بھی فرض ہے کہ وہ درخت اُگانے اور انہیں پروان چڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ملک کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے یقین دلایا کہ شجر کاری کے بارے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی اور ادارے کا ہر فرد اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گا۔اس موقع پر ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف نے بھی پودے لگائے اور اس عز م کا اظہار کیا کہ وہ ان کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں