ایک جماعت کو اکثریت دلانے کیلئے پوری سرکاری مشینری کا استعمال کیا گیا ، عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کا محاسبہ ہونا چاہیے ‘میاں مقصود احمد

انتخابات میں 16لاکھ 78ہزار ووٹوں کا مسترد ہونا بھی ناقابل فہم اور تشویشناک امر ہے ، سیاسی جماعتوںکے تحفظات دور کیے جائیں عمران خان غیر ملکی ایجنڈوں کی بجائے پاکستان کے مسائل پر توجہ دیں‘صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب کی دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

بدھ 8 اگست 2018 21:53

ایک جماعت کو اکثریت دلانے کیلئے پوری سرکاری مشینری کا استعمال کیا گیا ، عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کا محاسبہ ہونا چاہیے ‘میاں مقصود احمد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر میاں مقصود احمد نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک جماعت کو اکثریت دلانے کیلئے پوری سرکاری مشینری کا استعمال کیا گیا ، عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کا محاسبہ ہونا چاہیے ، انتخابات میں 16لاکھ 78ہزار ووٹوں کا مسترد ہونا بھی ناقابل فہم اور تشویشناک امر ہے ، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت ذمے داری پوری کرنے میں ناکام رہی ،عمران خان غیر ملکی ایجنڈوں کی بجائے پاکستان کے مسائل پر توجہ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔میاں مقصود احمد نے کہا کہ الیکشن 2018ء پاکستانی تاریخ کے بدترین انتخابات ثابت ہوئے اور ایک جماعت کے علاوہ پاکستان کی تمام جماعتوں کو انتخابات پر شدید تحفظات ہیں، ہمارا عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا جس کے لئے نت نئے طریقے متعارف کروائے گئے۔

(جاری ہے)

مذہبی ووٹوں کی تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی جو ایک غیر ملکی ایجنڈا ہے، تاخیر سے نتائج آنا اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ مستر ووٹ ہوئے نہیں کروائے گئے ہیں، بڑی تعداد میں ووٹوں کا مسترد ہونا ایک حیرت انگیز بات ہے،ہمارا پولنگ ایجنٹس کو رزلٹ سے دور رکھا گیا ، یہ قوم کیلئے سود مند نہیں ہے،جمہوریت کا قتل عام ہے۔انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار کیے جانے والے رزلٹ ٹرانسفر سسٹم کا خراب ہونا اور رات 4بجے تک پہلے نتیجہ کا اعلان نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ الیکشن کیشن کے نظام اور نگران حکومت سے انتخابات صاف شفاف کرانے کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ، ملک مین بڑے پیمانے پر انتخابی نتائج کو تبدیل کیا گیا ، اس حوالے سے مکمل تحقیقات کی جائیں ۔

جن حلقوں اور نتائج پر سیاسی جماعتوں کو تحفظات ہیں ان کو فی الفور دور کیا جائے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان تعلیم فروشی کو ختم کریں ،، ہسپتالوں، تھا نوں کا نظام تبدیل کریں اور معیشت پر قابو پائیں جو وعدے انہوں نے قوم سے کئے ان کو پورا کریں اگر عمران اپنے ایجنڈے کو چھوڑکر مغرب کے ایجنڈے پر چلے تو یہ آئین پاکستان سے انحراف ہوگا اور پاکستان کے ساتھ زیادتی ہو گی ۔ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ الیکشن میں ووٹوں کو نہیں قوم کو تقسیم کیا گیا ،عمران خان اپنی رہنمائی کریں اور اس ایجنڈے کو چھوڑکر ملک وقوم کے مسائل پر توجہ دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں