نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری سے وزیر داخلہ کی ملاقات،

امن و امان کی مجموعی صورتحال،یوم آزادی پر سکیورٹی انتظامات اور ٹریفک مینجمنٹ پرتبادلہ خیال یوم آزادی ،پولیس اور انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت، سکیورٹی کے جامع پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ڈاکٹر حسن عسکری

بدھ 8 اگست 2018 23:14

نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری سے وزیر داخلہ کی ملاقات،
لاہور۔8 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے وزیراعلیٰ آفس میں نگران صوبائی وزیر داخلہ شوکت جاوید نے ملاقات کی جس میں صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں یوم آزادی کے موقع پر تقریبات کیلئے سکیورٹی انتظامات اور ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے پر بھی گفتگو کی گئی۔

نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے یوم آزادی کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کی سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں اور حساس مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ پولیس حکام سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں خود فیلڈ میں موجود رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ یوم آزادی کے جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی چیز مقدم نہیں، اس لئے 14 اگست کی تقریبات کیلئے فول پروف سکیورٹی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر سیکورٹی انتظامات میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انتظامیہ چوکس رہیں اور سکیورٹی کے جامع اور موثر پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ون ویلنگ روکنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں ۔ جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف صوبے بھر میں موثر انداز میں کارروائی جاری رکھی جائے اور ایسے افراد کی بیخ کنی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ حساس اور پبلک مقامات کے ساتھ مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر اہم جگہوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے اور داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔

انہوںنے کہا کہ صوبے کے بڑے شہروں کے ساتھ مری اور دیگر تاریخی و تفریحی مقامات کے اردگرد ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیںاور کہیں بھی ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہونی چاہیئے، لہٰذا ٹریفک کے بہاؤ کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی پلان مرتب کیا جائے۔ یوم آزادی پر عوام کی سہولت کیلئے لاہور، مری اور دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے بہترین اقدامات ہونے چاہئیں خصوصاً 14 اگست کو مری میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کرکے اقدامات کو حتمی شکل دی جائے، اس ضمن میں متبادل روٹس کے ساتھ پارکنگ کیلئے بھی متبادل مقامات کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

نگران صوبائی وزیر داخلہ نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور یوم آزادی پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں