اسے کہتے ہیں تبدیلی! تحریک انصاف نے ایک ویٹر کو ایم این اے بنا دیا

باجو ڑ سے تعلق رکھنے والے گل ظفر نے پیپلز پارٹی کے مضبوط امیدوارکو شکست دی، میرا تعلق امیر طبقے سے نہیں لیکن لوگوں نے مجھے تبدیلی کے لیے ووٹ دیا، پی ٹی آ رہنما گل ظفر کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 9 اگست 2018 11:36

اسے کہتے ہیں تبدیلی! تحریک انصاف نے ایک ویٹر کو ایم این اے بنا دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔09اگست 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے نومنتخب ایم این اے گل ظفرجو ایک ہوٹل میں ویٹر تھے انہوں نے شہاب الدین خان اور اخونزادہ چٹان جیسے ہیوی ویٹس کو شکست دی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن 2018ء میں واضح برتری حاصل کی۔جس کے بعد عمران خان ملک کے آئندہ ممکنہ وزیراعظم ہوں گے۔الیکشن سے قبل ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کو لے کر کافی احتجاج کیا گیا اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے کہا کہ عمران خان نے اپنے نظریاتی کارکنان کے بجائے الیکٹیبلز کو اہمیت دی ۔

تاہم ایسے میں تحریک انصاف نے ایک ایسے شخص کو بھی ٹکٹ دیا جو کہ ایک ہوٹل میں ویٹر تھا۔ تحریک انصاف کے نومنتخب ایم این اے گل ظفر جو کے اپنے علاقے میں " باغی" کے نام سے جانے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

گل طفر اپنے علاقے میں تحریک انصاف کے متحرک کارکنان میں سے ایک تھے۔جب کہ وہ قبائلی علاقے فاٹا کے سابق وفاقی انتظامیہ کا بھی حصہ تھے۔گل ظفر نے باجوڑ این اے 41 سے انتخابات میں حصہ لیا۔

گل ظفر نے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواراخونزادہ چٹان کو اس حلقے سے شکست دی جو کہ بہت مضبوط امیدوار تصور کیے جا رہے تھے۔جب کہ آزاد امیدوار شہاب الدین کو بھی شکست دی۔ظفر گل نے 2013ء کے انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا تا ہم اس میں ان کو شکست ہوئی تھی۔تحریک انصاف نے قبائلی علاقے کی 12میں سے 6 نشستیں جیتیں۔ظفر گل سے پوچھا گیا کہ آپ تو ایک ہوٹل میں ویٹر تھے اس کے باوجود بھی آپ نے ایک بہت مضبوط امیدوار کو کیسے شکست دے ؟۔

توگل ظفر کا کہنا تھا کہ بے شک میرا تعلق متوسط خاندان سے تھا۔ لیکن پارٹی کی مدد سے میں اتنے فنڈ اکھٹے کرنے میں کامیاب ہو گیا تھا کہ میں انتخابی حلقے میں مہم جاری رکھ سکوں۔ہم نے 20 ملین کے فنڈ اکھٹے کیے جس سے پارٹی کے دفاتر اور سیکریٹریٹ بنائے۔ظفر گل کا مزید کہنا تھا کہ اس ضلع سے پارٹی کے 6 میں سے 5امید وار کامیاب ہوئے تھے اور ان میں سے کوئی بھی اتنا امیر نہیں تھا۔ظفر گل نے مزید کہا کہ بے شک ہمارا تعلق امیر طبقے سے نہیں ہے لیکن لوگوں نے ہمیں تبدیلی کے لیے ووٹ دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں