ڈی سی جہلم کو چیمبر کی نئی عمارت کیلئے لیٹر لکھ رہے ہیں‘میاں انجم نثار

صوبائی وزیر صنعت و تجارت و سرمایہ کاری میاں کی جہلم چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات

جمعہ 10 اگست 2018 16:30

ڈی سی جہلم کو چیمبر کی نئی عمارت کیلئے لیٹر لکھ رہے ہیں‘میاں انجم نثار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2018ء) نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت و انویسٹمنٹ میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے چیمبرز کا کردار نمایاں اہمیت کا حامل ہے اور لاہور چیمبر سمیت تما م چیمبرز سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں اپنا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار آج صوبائی وزیر نے جہلم چیمبر آف کامرس کے وفد سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔

وفد کی سربراہی صدر چیمبر آف کامرس جہلم فرحان ڈار نے کی۔وفد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ جہلم میں چیمبر آفس کے لئے نئی مناسب جگہ درکار ہے جبکہ سب سے بڑا مسئلہ انڈسٹری کو گیس کی فراہمی ہے ۔گیس کی عدم فراہمی کے باعث چیمبر سے منسلک 200چھوٹی انڈسٹریز کافی مسائل کا شکار ہیں،اس حوالے سے ڈائون پیمنٹ بھی جمع کرا چکے ہیں مگرتا حال گیس کی دستیابی ممکن نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر میاں انجم نثار نے کہا کہ نیچرل گیس کی فراہمی تو جاری ہے مگر انڈسٹری کو ایل این جی گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہی متعلقہ ڈی سی کو لیٹر لکھ دیتے ہیں کہ چیمبر کی نئی عمارت کے لئے 04کنال اراضی کا انتظام یقینی بنایا جائے کیونکہ چیمبرز درحقیقت ویلفیئر کا کام کر رہی ہیں اور حکومت ہر سطح پر انڈسٹری کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلنے کی خواہاں ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں