پاکستان کے مستقبل کو تابناک کرنے کیلئے نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنا ہوگا‘ڈاکٹر حسن عسکری

نوجوان کسی بھی ملک کیلئے گروتھ انجن کا کردارادا کرتے ہیں، ترقی و خوشحالی کے اہداف کے حصول کو نوجوان ہی ممکن بناتے ہیں پاکستان کی زیادہ تر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ، اس بڑے حصے کوحقیقی معنوں میں بااختیار بناناوقت کا اہم ترین تقاضا ہے نوجوانوں کو بہتر رہنمائی اور تعلیم ملے تو یہ معیشت کے استحکام میں بڑی طاقت ثابت ہوسکتے ہیں‘ نوجوانوں کے عالمی دن پر پیغام

ہفتہ 11 اگست 2018 19:53

پاکستان کے مستقبل کو تابناک کرنے کیلئے نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنا ہوگا‘ڈاکٹر حسن عسکری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2018ء) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی ملک کیلئے گروتھ انجن کا کردارادا کرتے ہیں اور ترقی و خوشحالی کے اہداف کے حصول کو نوجوان ہی ممکن بناتے ہیں کیونکہ ان کے پاس نئے خیالات، منفرد سوچ اور جدت ہوتی ہے اور اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ پاکستان کے نوجوان انتہائی باصلاحیت، ذہین اور بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ان خوش قسمت ممالک میں شامل ہے جن کی زیادہ تر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور آبادی کے اس بڑے حصے کوحقیقی معنوں میں بااختیار بناناوقت کا اہم ترین تقاضا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان صلاحیتوں اورذہانت میں کسی سے کم نہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی نوجوانوں نے ہر سطح پر اپنی اہلیت کو منوایا ہے اور زندگی کے ہرشعبے میں اپنی خداداد صلاحیتوںسے ملک کا نام روشن کیا ہے اور قوم کو اپنے باصلاحیت نوجوانوں سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کوبااختیاربنانے کیلئے وسائل اورمواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ نگران حکومت نے نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کاوشیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو تابناک کرنے کیلئے نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنا ہوگا کیونکہ نوجوانوں کو بہتر رہنمائی اور تعلیم ملے تو یہ ملکی معیشت کے استحکام میں بڑی طاقت ثابت ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کی رہنمائی میں تحریک پاکستان کی تاریخی جدوجہد کا باب بھی نوجوانوں کی بے مثال قربانیوں سے مزین ہے اور حصول پاکستان کی تحریک میں بھی نوجوان طبقے کا کردار نمایاں رہا ہے۔ آج بھی نوجوانوں کو اسی جذبے اور عزم کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یوتھ حقیقی معنوں میں میدان میں آگے بڑھیں اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی طور پر حصہ لیں۔

حکومت کو چاہیئے کہ نوجوان طبقے کے مسائل کا بروقت ادراک کرتے ہوئے منفرد سکیمیں متعارف کرائی جائیں۔ نوجوانوں کو اپنے محفوظ مستقبل کیلئے مارکیٹ کی ترجیحات سے مطابقت پیدا کر نی چاہیے تا کہ جدید دور کے تقاضوں سے خود کو ہم آہنگ کر سکیں۔نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کے دن کو منانے کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دینا ، عالمی سطح پر نوجوانوں کو درپیش مسائل کا ازالہ اور قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے اقدامات بروئے کار لانا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ایک بار پھر عزم کرنا ہے کہ ہم نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے موثر پالیسی اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق حکمت عملی کو یقینی بنائیں گے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے مثبت اقدامات اورکاوشیں یقینی بنائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں